Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: یومیہ کیسز ’ایک لاکھ‘ ہونے کا خدشہ

امریکہ میں 10 جون کے بعد کورونا کیسز کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں ایک بار پھر کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے اور جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1199 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 12 سو کے قریب افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور 42 ہزار 528 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکہ کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 27 ہزار 410 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 26 لاکھ 34 ہزار 432 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے سے کئی ریاستوں خصوصاً جنوبی اور مغربی ریاستوں نے کاروبار دوبارہ کھولنے کا معاملہ روک دیا ہے۔
منگل کو ریاست ٹیکساس میں ریکارڈ 6 ہزار 975 نئے کیسز سامنے آئے۔
اسی دوران مقامی حکام کے مطابق کیلی فورنیا کی قدیم سان کوئنٹن جیل میں موجود ایک ہزار سے زیادہ قیدیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
صدر ٹرمپ کی کورونا ٹاسک فورس کے اہم رکن اور وبائی امراض کے ماہر اینتھونی فاؤچی نے منگل کے روز کانگرس کو بتایا کہ 'اس وقت ہمارا وبا پر مکمل کنٹرول نہیں ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ اگر حکام اور عوام نے اقدامات نہ کیے تو کورونا وائرس کے کیسز دو گنا ہو کر ایک لاکھ روزانہ تک پہنچ سکتے ہیں۔

ماہرین نے امریکہ میں کورونا کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب جان ہاپکنز یونیورسٹی امریکہ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 4 لاکھ 50 ہزار 628 ہو چکی ہے جبکہ 5 لاکھ 10 ہزار 632 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کے بعد برازیل وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 59 ہزار 500 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ ملک میں وبا کے مریضوں کی تعداد 14 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔
روس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر جہاں اب تک 6 لاکھ 46 ہزار 929 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 9 ہزار 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

روس وبا سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا کا وبا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھا نمبر ہے۔ ملک میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 66 ہزار 840 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 16 ہزار 900 کے قریب ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
برطانیہ میں 3 لاکھ 14 ہزار 160 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہیں جبکہ 43 ہزار 815 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: