گزشتہ ہفتے کے دوران روزانہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران دنیا بھر میں روزانہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹینڈروس ادھانوم کا کہنا تھا کہ جون کے مہینے میں رپورٹ ہونے والے کیسز اب تک سامنے آنے والے کیسز کے نصف سے زائد ہیں۔
ٹینڈروس کا آن لائن پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ’روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے بڑھ گئی ہے اور اب تک کے کیسز کا 60 فیصد صرف جون میں رپورٹ ہوئے۔‘
دوسری جانب برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں کورونا وائرس کی ممکنہ ویکسین کی تیاری سے وابستہ صف اول کے سائنسدان پروفیسر ساری گلبرٹ کا کہنا ہے کہ ٹرائلز کے دوران ویکسین کے قوت مدافعت بڑھانے کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
خیال رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی جناب سے تیار کی جانے والی ویکسین کا کلینکل ٹرائل تیسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ویکیسن کے حوالے سے پارلیمانی سماعت کے دوران یونیورسٹی کے پروفیسر ساری گلبرٹ کا کہنا تھا کہ ٹرائل کے تیسرے مرحلے کے لیے آٹھ ہزار رضاکاروں کو بھرتی کیا گیا ہے۔
ویکیسن کا لائسنس دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا کے پاس ہے۔
انہوں نے ویکسین کی تیاری کے حوالے ٹائم لائن دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کے استعمال کے لیے تیار ہونے کا دارومدار ٹرائل کے نتائج پر ہے۔
دنیا میں متاثرین کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ 12 ہزار 383 ہوگئی ہے۔ جب کہ اس وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد پانچ لاکھ 12 ہزار 331 ہوگئی ہے۔
وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں اب تک 26 لاکھ 38 ہزار 338 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ امریکہ میں کورونا سے اب تک ایک لاکھ 27 ہزار 485 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کے بعد وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں برازیل کا نمبر ہے جہاں اب تک 14 لاکھ دو ہزار 41 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ برازیل میں کورونا سے اموات کی تعداد 59 ہزار 594 ہے۔ وائرس سے روس بھی بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں چھ لاکھ 53 ہزار 479 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
اموات کے لحاظ سے برطانیہ متاثرہ ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 43 ہزار 991 ہلاک ہوچکے ہیں۔ برطانیہ میں اب تک کورونا کے تین لاکھ 14 ہزار 991 کیسز سامنے آئے ہیں۔
کیسز کی تعدا کے لحاظ سے متاثرہ ممالک میں انڈیا چوتھے نمبر پر ہے جہاں اب تک پانچ لاکھ 85 ہزار 481 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔