Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ثنا اللہ خان کے بیان پر ہنسیں یا روئیں‘

زرتاج گُل نے کہا تھا کہ’ کووڈ 19  کا مطلب ہے کہ اس کے 19 پوائنٹس ہیں۔‘ (فوٹو: فیس بک )
پاکستان کی وزیر مملکت زرتاج گل کی کووڈ 19 کی تشریح کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد ثنا اللہ خان کے حکومتی کارکردگی کے حوالے سے بیان کے چرچے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں ان سے پی ٹی آئی کی کارکردگی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ثنا اللہ خان نے جواب میں کہا کہ ’عمران خان نے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دوں گا، پچاس لاکھ گھر بھی بنا کے دوں گا۔ یہ سارا کچھ 18 ماہ میں بنتا ہے کیا؟ خدا کا خوف کریں اٹھا رہ مہینے میں تو بچہ بھی پیدا نہیں ہوتا۔‘

اس کے بعد پروگرام کی اینکر سمیت موجود مہمانوں  نے ہنسانا شروع کیا۔  خاتون اینکر نے کہا کہ ’ثنااللہ صاحب آپ نے میڈیکل سائنس ہی تبدیل کر دی۔‘
یہ کلپ سوشل میڈیا پر ہر کوئی شئیر کرنے لگا اور صارفین بھی اپنی افتاد طبع کے مطابق تبصرے کرنے لگے۔
سوشل میڈیا صارفین جو ہر وقت سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی کسی غلطی یا چٹکلے  کی تاک میں ہوتے ہیں اس بیان کو پھیلانے لگے۔
اینکر پرسن عاصمہ شیرازی نے ویڈیو کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس پر ہنسیں یا روئیں‘

بعض صارفین نے عاصمہ شیرازی کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ اب تو نہ رونا آتا ہے نہ ہی ہنسانا۔
ٹوئٹر صارف عائشہ نے لکھا کہ ’روئیں اور رشک کریں ایسے علم پر۔‘

ذیشان نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’کووڈ کے 19 نکات؟ اٹھارہ ماہ میں بچہ نہیں؟ لوکٹس ڈائٹ کے بعد مجھے اب پی ٹی آئی کے ایم این ایز سے اگلے بریک تھرو کا شدت سے انتظار رہے گا۔‘

جہاں صارفین اس پر میمز بناتے اور مذاق کرتے نظر آئے، وہیں کئی ڈاکٹرز حضرات نے اس پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔
ٹوئٹر صارف ڈاکٹر بسمین جدون نے لکھا کہ ’یہ زچگی کی فیلڈ میں ایک نئی دریافت ہے بطور گائناکالوجسٹ میں اس معاملے پر مزید معلومات جاننے میں خاصی دلچسپی رکھتی ہوں‘

امین رحمان نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے شاید یہ ہاتھیوں کے حوالے سے کہہ رہے ہوں‘

کچھ عر صہ پہلے وزیر مملکت زرتاج گل نے سرکاری ٹی وی کے  پروگرام میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ’ کووڈ 19  کا مطلب ہے اس کے 19 پوائنٹس ہیں جو کسی بھی ملک پر کسی بھی طرح اپلائی ہو سکتے ہیں۔ اب یہ ان پر ہے کہ قوت مدافعت کو کیسے ڈیولپ کریں۔‘
سوشل میڈیا صارفین نےا یم این اے ثنااللہ خان کی جانب سے آنے والے بیان کو زرتاج گل کے مقابلے کا قرار دیا۔ ایک اور صارف صابر  نے اس حوالے سے لکھا ‘زرتاج گل کے لیے مقابلہ سخت ہونے والا ہے‘

 

شیئر: