Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی عازمین حج کی رجسٹریشن مکمل

کامیاب امیدواروں کو اطلاع 12 کوجولائی کو دی جائے گی (فوٹو اے ایف پی)
سعودی وزارت حج کی جانب سے امسال حج کی ادائیگی کے لیے انتہائی محدود تعداد کی رجسٹریشن کا وقت آج  جمعے کو ختم ہو جائے گا۔
کامیاب امیدواروں کو بروز اتوار 12 جولائی سے اطلاعی پیغام ارسال کر دیے  جائیں گے۔
ویب نیوز اخبار 24 نے وزارت حج کی جانب سے جاری اعلامیہ کے حوالے سے کہا ہے کہ امسال وزارت حج نے مملکت میں مقیم حج کے خواہشمند غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کا آغاز بروز پیر 6 جولائی سے کیا  تھا جو 10 جولائی تک جاری رہا۔
 وزارت حج کی جانب سے انتہائی محدود تعداد میں فریضہ حج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے متعدد شرائط مقرر کی گئی ہیں جن میں اہم ترین شرط ’کورونا‘ کا ٹیسٹ نیگٹیو ہونے کے علاوہ مکمل صحتمند ہونا بھی شامل ہے جبکہ آخری شرط میں اس امر کا بھی اقرارکرنا ہے کہ ’کبھی حج نہیں کیا‘۔

عازمین کی عمر کی حد 20 سے 50 برس مقرر کی گئی ہے(فوٹو، ایس پی اے)

حج  کی ادائیگی کےلیے عمر کی حد 20 سے 50 برس رکھی گئی ہے جبکہ ایسے افراد جو حج رجسٹریشن کے معیار پر پورے اتریں گے انہیں حج سے قبل اور بعد میں 15 دن خود کومقررہ شرائط کے مطابق ’قرنطینہ‘ کرنا ہوگا۔
وزارت حج کا کہنا تھا کہ امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے 70 فیصد غیر ملکی جبکہ شعبہ صحت اور امن عامہ میں کورونا ہنگامی حالات کے دوران خدمات انجام دینے والے  30 فیصد وہ سعودی جو فرائض کی انجام دہی کی وجہ سے کورونا کا شکار ہو کر صحتیاب ہوئے اگر ان کی صحت اس قابل ہوئی کہ وہ حج ادا کرسکیں تو ان کا انتخاب کیاجائے گا۔
واضح رہے ابھی تک امسال عازمین حج کی تعداد کے بارے میں سرکاری سطح پر حتمی اعلان نہیں ہوا بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ تعداد 10 ہزار ہو گی جبکہ بعض اطلاعات ایک ہزار کی بھی ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے حتمی بات کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

شیئر: