دن کے بارہ بجکر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔(فوٹو سبق)
جدہ میں فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاہرہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ بدھ 15 جولائی 24 ذی قعدہ کو سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ابو زاہرہ کا کہنا ہے کہ ظہر کی اذان پر مکہ مکرمہ میں دن کے بارہ بجکر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔ اس وقت سورج کا سایہ ختم ہوجائے گا۔ یہ سال رواں 2020 کے دوران اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہوگا۔
فلکیاتی انجمن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ کے اوپر سورج کے نمودار ہونے کے وقت کرہ ارض کے محور کا میلان 23.5 ڈگری کے زاویے پر ہوگا- اس کے باعث سورج بظاہر شمال میں السرطان اور جنوب میں الجدی کے درمیان منتقل ہورہا ہوگا۔
ابو زاہرہ نے بتایا کہ جب بھی سورج کے خانہ کعبہ کے اوپر آتا ہے تب مکہ مکرمہ سے دور دراز علاقوں کے باشندوں کے لیے قبلے کی جہت متعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ماضی میں جب جہت کی نشاندہی کرنے والے جدید وسائل اور ترقی یافتہ ٹیکنالوجی میسر نہیں تھی تب عرب اور مسلم ممالک کے باشندے اسی بنیاد پر قبلے کا رخ متعین کیا کرتے تھے۔