Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زخمی کو طبی امداد دینے والے ہلال احمر اہلکار کو گاڑی نے کچل دیا

مدینہ منورہ سے 7 کلو میٹر کے فاصلے پر ھجرۃ روڈ پر حادثہ پیش آیا۔( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں ایک زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے والا ہلال احمر کا اہلکار گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔
 مدینہ منورہ میں ہلال احمر کے ترجمان خالد السھلی نے بتایا کہ  اتوار کو ھجرۃ روڈ پر ایک زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہلال احمر کے اہلکار کو تیز رفتار گاڑی نے کچل دیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ترجمان نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آپریشن روم سے رابطہ کرکے کہا گیا تھا کہ مدینہ منورہ سے 7 کلو میٹر کے فاصلے پر ھجرۃ روڈ پر گاڑی الٹ گئی ہے اور لوگ زخمی ہیں۔
فوری طور پر امدادی ٹیم جائے وقوعہ بھیج دی گئی۔ ایک اہلکارھانی یوسف عیسی جو فرسٹ ایڈ میڈیکل کے لیے مشہور تھا اور مدینہ منورہ ریجن کے تحت ہلال احمر کا اہلکار تھا۔ زخمیوں کی مرہم  پٹی کرتے ہوئے گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا۔

ہسپتال پہنچنے کے پندرہ منٹ بعد ہی وہ جان کی بازی ہار گیا۔(فوٹو سبق)

ھانی یوسف عیسی کو فورا ہی ہسپتال لے جایا گیا۔ اس کی حالت نازک تھی۔ اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن ہسپتال پہنچنے کے پندرہ منٹ بعد طبی امداد کے دوران ہی وہ جان کی بازی ہار گیا۔
ہلال احمر کے ترجمان نے ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک حادثات کے مواقع پر لگائے جانے والے انتباہی بورڈزکو دیکھ کر گاڑی احتیاط سے چلائیں۔ اپنا بھی خیال رکھیں اور دوسروں کی سلامتی کا بھی۔  گاڑی کی رفتار آہستہ کردیں۔
انہوں نےبتایا کہا کہ ھانی یوسف عیسی فیلڈ میں فرسٹ میڈیکل ایڈ فراہم کرنے والی منتخب ٹیم کا ایک فرد تھا- اس ٹیم کے ممبران نہ جانے کتنے لوگوں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

شیئر: