Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف سمیت کئی علاقوں میں طوفانی بارش

 بارش کے وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جمعے کو طائف ، جازان ، نجران اور ریاض سمیت مختلف مقامات پر بارش ہوئی ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق طائف شہر میں طوفانی بارش سے موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کے لیے آنے والے داخلی سیاح لطف اندوز ہوئے۔ بارش کے وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
وائرل تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑکیں زیر آب اور گاڑیاں پانی میں ڈوبی نظرآرہی ہیں۔ کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب سعودی عرب کے 8 علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔

جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب 8 علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔(فوٹو سبق)

بیان میں کہا گیا کہ ریاض، جازان، عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، مشرقی ریجن کے بیشتر علاقے بارش کی زد میں ہوں گے البتہ ہر جگہ بارش یکساں انداز میں نہیں ہوگی۔
الحصینی کا کہنا ہے کہ جنوبی تبوک اور مشرقی ریجن سے بارش کی لہر یمن، سلطنت عمان اور امارات تک پھیل جائے گی۔
دوسری جانب محکمہ شہری دفاع نے طائف میں حفاظتی تدابیر کی پابندی کے پیغامات موبائل پر بھیجنا شروع کردیے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کیا جائے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف کے پورے علاقے میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ شہری دفاع کے اہلکار اپیلیں جاری کرکے شہریوں سے احتیاط  کے لیے کہہ رہے  ہیں۔

نجران  میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے۔(فوٹو سبق)

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے  مطابق جازان کے علاقے میں موسلادھار بارش سے سیلاب کی صورتحال ہے۔ الدایر بنی مالک، العارضہ فیفا اور ھروب کمشنریوں میں شام 6 بجے تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی۔
موسلا دھار بارش کے باعث جگہ جگہ سیلاب  کی صورتحال ہے۔ بارش سے قبل گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوگئی تھی۔کئی جگہوں پر درمیانے درجے کی بارش کا سلسلہ بھی رہا۔
نجران کی پانچ کمشنریوں میں جمعےکو پہلے گرد آلود ہوائیں چلیں جس سے حد نظر محدود ہوگئی اس کے بعد سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق رات دس بجے تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
نجران اور جازان میں شہری دفاع کے اہلکاروں نے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مستحکم موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

شیئر: