تمام ٹیسٹ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کیے گئے۔(فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس کے 30 لاکھ سے زیادہ لیبارٹری ٹیسٹ کرلیے گئے۔ سعودی عرب میں وائرس کا پہلا کیس ریکارڈ پر آنے کے بعد سے لے کر اب تک تمام ٹیسٹ جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے کیے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے جمعےکو نئے کورونا وائرس سے متعلق اپنی رپورٹ میں بتایا کہ تمام صحت اداروں میں یومیہ کورونا ٹیسٹ کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ کر 65 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
سعودی عرب دنیا کے ان پہلے ملکوں میں سے ایک ہے جہاں کورونا وائرس کے لیبارٹری ٹیسٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ مملکت بھر میں 31 لیبارٹریاں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے کورونا ٹیسٹ کر رہی ہیں۔
کورونا کی وبا سے لے کر اب تک ہیلپ لائن 937 پر ایک کروڑ سے زیادہ افراد رابطے کرچکے ہیں۔ اب ہفتے میں چھ لاکھ سے زیادہ لوگ رابطے کرنے لگے ہیں۔
سعودی عرب میں ’تاکد‘ پروگرام کے تحت نئے کورونا وائرس کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کی شرح جانچنے کے لیے کورونا ٹیسٹ کا تیسرا مرحلہ جاری ہے۔
مملکت میں’تطمن‘ کے عنوان سے کلینکس قائم ہیں۔ پیشگی ٹائم لے کر کوئی بھی شہری یا مقیم غیرملکی کورونا ٹیسٹ کراسکتا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت صحت نے بیان میں بتایا کہ 24 جولائی کو نئے کورونا وائرس کے مزید 2378 مصدقہ کیسزریکارڈ پر آنے کے بعد مملکت میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 62 ہزار 772 تک پہنچ گئی۔