امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
چین میں کورونا وائرس کے 46 نئے کیسز رپورٹ جبکہ امریکہ میں ایک دن میں 68 ہزار 212 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکہ میں گذشتہ 12 دنوں سے یومیہ 60 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور گذشتہ چار دنوں سے روزانہ ایک ہزار سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین میں نئے کیسز مغربی علاقے سنکیانگ میں 22، شمال مشرقی علاقے لیاؤننگ میں 13 جبکہ باقی 11 کیسز برون ملک سے آئے ہوئے افراد میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
چین میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 83 ہزار 830 ہے جبکہ اموات کی تعداد 634 ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق مختلف ریاستوں میں وائرس کے 68 ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آمنے کے بعد امریکہ میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 41 لاکھ 74 ہزار 437 تک پہنچ گئی ہے۔
امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 67 افراد ہلاک ہوئے، اس طرح سب سے زیادہ متاثرہ ملک میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار 391 ہے۔
امریکہ میں موسم بہار کے آخر میں وائرس کے انفیکشن میں کمی کے بعد کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا گیا۔
یہ اضافہ خاص طور پر کیلیفورنیا، ٹیکساس، الاباما اور فلوریڈا میں دیکھا گیا۔
دنیا میں وائرس کے کل متاثرین ایک کروڑ 60 لاکھ کے لگ بھگ ہیں۔ دنیا بھر میں چھ لاکھ 43 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
امریکہ کے بعد برازیل کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
برازیل کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 2.3 ملین افراد اس وبا سے متاثر ہوئے جبکہ 85 ہزار اموات ہوئی ہیں۔
ادھر آسٹریلیا میں گزشتہ چار ماہ کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کے لحاظ سے سب سے مہلک دن سنیچر کا رہا۔
آسٹریلیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں دس اموات رپورٹ ہوئی ہیں اور جنوب مشرقی ریاست میں 450 سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔