کامیاب حج آپریشن، سعودی حکومت کی بہترین حکمت عملی
کامیاب حج آپریشن، سعودی حکومت کی بہترین حکمت عملی
پیر 3 اگست 2020 17:32
کامیاب حج آپریش پر سعودی قیدات کو مبارکباد دی گئی ہے (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر داخلہ اور حج کمیٹی کے نگران اعلی شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے کامیاب حج آپریشن پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امن عامہ کے عہدیداروں کے علاوہ حج آپریشن میں شریک تمام اداروں اور اہلکاروں کو مبارک باد پیش کی ہے۔
وزیر داخلہ نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ کورونا وائرس کے موجودہ حالات میں مملکت کو حج کی ادائیگی کے حوالے سے جن چیلنچز کا سامنا تھا ان سے بخوبی اور بہترین حکمت عملی کے تحت نمٹا گیاہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے بھی ایک بیان میں کامیاب حج آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے بہترین اور مکمل خدمات کی فراہمی پر حکومتی اداروں کے کردار کو سراہا ہے۔
امور حرمین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کامیاب حج آپریشن پر مملکت کی اعلی قیادت کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے حجاج کی جانب سے تمام مناسک حج کی بہترین انداز میں ادائیگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
شیخ السدیس نے اس حوالے سے کہا کہ اس سال حج سیزن میں جو کامیابیاں ملی ہیں ہیں وہ رب کریم کا خاص کرم ہے۔ ادارہ امور حرمین و دیگر تمام اداروں کے مثالی تعاون کسی طرح نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ موجودہ کورونا کے حالات کی وجہ سے انتہائی احتیاطی تدابیر اختیارکرتے ہوئے اتنے بڑے آپریشن کو کامیاب بنانا مثالی حکمت عملی کا مثالی ثبوت ہے۔
نائب وزیر حج ڈاکٹرعبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ اس سال کورونا وبا کے باوجود مملکت کی جانب سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے تمام پہلوں کا جائزہ لینے کے بعد بہترین انتظامات کے ذریعے دنیا کو یہی پیغام دیا گیا کہ ’ انسان کی صحت انتہائی اہم ہے‘۔
الاخباریہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے محدود تعداد میں حج کا فیصلہ انتہائی مناسب تھا جس میں تمام پہلوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہر قسم کی احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا گیا۔ امور صحت اور امن و امان کے حوالے سے جملہ انتظامات کیے گئے جن کے ذریعے انسان کی اہمیت کو اجاگر کیاگیا۔
انہوں نے مزید کہا حجاج کے ہر گروپ کے ہمراہ وزارت حج کے سپروائزر اور وزارت صحت کہ اہلکار ہمہ وقت موجود تھے تاکہ حجاج بیت اللہ کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرائی جائیں۔