ضوابط کی خلاف ورزی پر5 تجارتی مراکز سیل
جمعرات 13 اگست 2020 17:59
تفتیشی مہم کے دوران کارکنوں کے ہیلتھ کارڈ بھی چیک کیے جاتے ہیں(فوٹو، سوشل میڈیا)
ینبع بلدیاتہ کونسل کے ماتحت ماحولیاتی صحت کے ادارے نے کورونا ایس او پیز اور دیگر ضوابط کی خلاف ورزی پر 5 تجارتی مراکز سیل کردیے- مختلف خلاف ورزیوں پر تجارتی اداروں کو تنبیہ بھی جاری کی گئی ہے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق ینبع کی بلدیاتی کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 تجارتی ادارے لائسنس نہ ہونے کی وجہ سے بند کیے گئے- چھاپہ مہم کے دوران یہ بات ریکارڈ پر آئی کہ دو اداروں میں کارکن ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر کام کررہے ہیں- علاوہ ازیں ان دونوں خوراک اداروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کی گئیں- دیگرخوراک اداروں کو حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر تنبیہ جاری کی گئی-
ینبع بلدیاتی کونسل کے افسران ان دنوں کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والے اداروں کے خلاف چھاپہ مہم تیز کیے ہوئے ہیں تاکہ یہ ادارے گاہکوں کو صحت ضوابط کے منافی اشیا فروخت نہ کریں- تفتیشی مہم ایس او پیز کی پابندی کرانے کے لیے بھی چلائی جارہی ہے-
بلدیاتی کونسل نے مقامی شہریوں اور غیرملکیوں سے پرزور اپیل کی کہ اگر وہ کسی خوراک ادارے میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مشاہدہ کریں یا حفظان صحت کے ضوابط سے لاپروائی نوٹ کریں تو پہلی فرصت میں مشترکہ ایمرجنسی سینٹر 940 پر اس کی اطلاع دیں-