تمام سرکاری اداروں میں 30 اگست سے ملازمین کی واپسی
تمام سرکاری اداروں میں 30 اگست سے ملازمین کی واپسی
ہفتہ 22 اگست 2020 16:20
30 اگست سے اداروں میں محتاط رہتے ہوئے ڈیوٹی کی جائے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینئراحمد سلیمان الراجحی نے تمام سرکاری اداروں میں عوامی شعبے سے متعلق ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ 30 اگست 11 محرم سے اداروں میں محتاط رہتے ہوئے ڈیوٹی کا آغاز کیاجائے۔
وزیر افرادی قوت کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری اداروں کے ذمہ دار اپنے طوران افرادی کا انتخاب کریں جو ’گھروں سے ڈیوٹی ‘ ادا کرسکتے ہیں تاہم ’ورک فرام ہوم ‘ کے کارکنوں کا تناسب 25 فیصد سے زائد نہ ہو۔
ویب نیوز ’سبق ‘ نے وزیر افرادی قوت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ’ دفتروں میں کام کا آغاز مرحلہ وار ہو رہا ہے تاہم حاضری کے لیے فنگر پرنٹ سسٹم معطل رکھاجائے۔ کارکنوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے کام کی جگہ مناسب ہو تاکہ کارکنوں کو کسی قسم کا اندیشہ لاحق نہ ہو۔
وزیر افرادی قوت کی جانب سے جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کےلیے مقررہ ایس او پیز پر عمل کو بھی یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے سعودی عرب میں مارچ کے آخری ہفتے سے کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون اور کرفیو کے نفاذ کے سبب سرکاری اور نجی دفاتر ملازموں کے گھروں میں منتقل ہو گئے تھے۔ گھروں سے کام کا سلسلہ دنیا بھر میں جاری تھا جس کی بنیادی وجہ کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھنا تھا۔