ماہر نفسیات کا کہنا ہے کہ جلد بازی سے گھر خراب ہو جاتے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی خاتون سے شوہر کی بے اعتنائی برداشت نہ ہوئی، علیحدگی کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کر لیں۔ خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر انتہائی بے پروا ہے، کمپیوٹر گیم میں اس قدر گُم رہتا ہے کہ اسے میرا خیال ہے اور نہ بچوں کا۔
عربی روزنامہ ’الوطن‘ کا کہنا ہے کہ مقامی ’لا فرم‘ سے ایک خاتون نے رجوع کرتے ہوئے اپنے شوہر کے خلاف ’ خلع‘ کا کیس دائر کرنے کا مشورہ کیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کی بے اعتنائی اور بے پروائی سے تنگ آچکی ہے، شوہر گھر آتے ہی گھنٹوں اپنے موبائل پر مصروف رہتا ہے جس کی وجہ سے اس کا عائلی نظام درہم برہم ہو کر رہا گیا ہے۔
خاتون کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ اس کا شوہر نہ تو اس کا خیال رکھتا ہے اور نہ ہی بچوں کا، اسے بس اپنے کھیل سے ہی فرصت نہیں ملتی جس کی وجہ سے اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ اس نے متعدد بار شوہر سے ’طلاق‘ دینے کا مطالبہ کیا لیکن وہ نہیں مانتا۔ اس لیے اب وکیل سے رجوع کیا ہے تاکہ عدالت کے ذریعے ’خلع ‘ حاصل کرکے اس درد ناک زندگی سے چھٹکارہ حاصل کرسکوں۔
اخبار کا کہنا ہے کہ ’لافرم ‘ خاتون کے کیس کا مطالعہ کررہی ہے تاکہ اس کی جانب سے عدالت میں خلع کا مقدمہ دائر کیا جائے۔
اس ضمن میں نفسیاتی ماہر کا کہنا تھا کہ بعض اوقات معمولی سی باتیں وجہ نزاع بن جاتی ہیں۔ ایسے میں فریقین کو چاہیے کہ وہ حوصلے اور تدبر سے کام لیں کیونکہ شوہر اور بیوی کا علیحدہ ہو جانا مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس عمل کے منفی اثرات بچوں پر مرتب ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل تباہ ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
نفسیاتی ماہر کی جانب سے خاتون کے اس عمل کو غیر دانش مندانہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس بارے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہیے۔ اگر شوہر ان کے حقوق پورے کررہا ہے، گھر میں تمام اشیا انہیں مہیا ہیں تو ذرا صبر سے کام لیں تاکہ گھر نہ ٹوٹے، جلد بازی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی۔