Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس اکتوبر سے ملازمین کی پوری تنخواہیں بحال کرے گی

ملازمین کو بھیجے گئے میمو میں بتایا گیا ہے کہ کچھ کٹیگریز میں سٹاف اور منیجرز کے الاؤنسز کو کاٹا جائے گا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
ایمریٹس ایئرلائن رواں سال اکتوبر کے مہینے سے اپنے ملازمیں کو مکمل  تنخواہ ادا کرنا شروع کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن نے تقریباً چھ مہینے پہلے کورونا وائرس کی وجہ سے پروازیں معطل ہونے کے بعد ملازمین کی تنخواہیں کم کی تھی۔
ایمریٹس کے دو ملازمین نے امارات کے اخبار گلف نیوز کو بتایا کہ تین ستمبر کو ایئرلائن کی جانب سے انہیں ایک خط ملا  جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی تنخواہیں کوڈ19 سے پہلے کی پوزیشن پر بحال کی جائیں گی۔
 
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کو بھیجے گئے میمو میں بتایا گیا ہے کہ کچھ کٹیگریز میں سٹاف اور منیجرز کے الاؤنسز کو کاٹا جائے گا۔
ایمریٹس کے ایک ترجمان نے عرب نیوز کو بتایا کہ اس وقت ایئرلائن کے ملازمین کم ہیں تاہم انہوں نے یہ بتانے سے انکار کیا کہ کورونا کے شروع سے اب تک کتنے ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ایمریٹس کے صدر ٹم کلارک نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ایئر لائن مزید ملازمتیں ختم کرے گی اور تقریباً 15 فیصد سٹاف کو فارغ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 فیصد ملازمین کو فارع کیا جا چکا ہے۔
کورونا سے پہلے ایمریٹس کے ملازمین کی تعدا 60 ہزار سے زائد تھی۔
ترجمان کے مطابق ایئرلائن کی جانب سے کسی بھی برطرف ملازم کو دوبارہ ملازمت دینے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ اگرچہ ایئرلائن کا اگلے سال تک تمام فلائٹس مکمل طور پر بحال کرنے کا پروگرام ہے۔

کورونا سے پہلے ایمریٹس کے ملازمین کی تعدا 60 ہزار سے زائد تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس وقت ایمریٹس کی پروازیں 84 روٹس پر چل رہی ہے اور اس ہفتے نائجیریا کے شہر لاگوس اور ابوجا کے لیے پروازیں بحال کی گئی۔ اس سے قبل ایمریٹس نے اردون کے شہر عمان کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کی تھی جس کے ساتھ مشرق وسطیٰ کے آٹھ شہروں کے لیے ایئرلائن کی پروازیں بحال ہو گئی تھی۔
خیال رہے کورونا کی وجہ سے پروازون کی بندش کے بعد اس سال 21 مئی کو ایمریٹس نے نو شہروں لندن، فرینکفرٹ، پیرس، میلان، میڈرڈ،  شکاگو، ٹورنٹو، سڈنی اور میلبورن کے لیے ریگولر مسافر پروزیں شروع کی تھی۔

شیئر: