بیروت بندرگاہ کے ملبے سے 4 ٹن امونیم نائٹریٹ برآمد
بیروت بندرگاہ کے ملبے سے 4 ٹن امونیم نائٹریٹ برآمد
اتوار 6 ستمبر 2020 14:20
مختلف اداروں کی مدد سے فوری طور پر ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں 4 اگست کو ہونے والے زبردست دھماکے کے بعد حکام کی جانب سے ملبہ ہٹائے جانے کا کام جاری ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق بندرگارہ کے علاقے میں جہاں یہ دھماکے ہوئے وہاں سے ملبہ ہٹائے جانے کی کارروائی کے دوران امونیم نائٹریٹ کی مزید 4 ٹن مقدار برآمد ہوئی ہے جو کہ مختلف تھیلوں میں رکھی گئی تھی۔
بندرگاہ سے ملنے والی امونیم نائٹریٹ کی اس بھاری مقدار کو وہاں کام کرنے والی مختلف تنظیموں اور اداروں کی مدد سے فوری طور پر ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔
ایک روز قبل لبنان کی فوج کی جانب سے انکشاف کیا گیا تھا کہ بیروت بندرگاہ کے داخلی راستوں کے قریب چار مختلف کنٹینروں میں بھاری مقدار میں امونیم نائٹریٹ ملی ہے۔
دھماکوں سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے اس مواد کے دب جانے کی وجہ سے یہ مزید تباہی کا باعث نہیں بن سکا۔
واضح رہے کہ اگست کے اوائل میں بیروت میں ہونے والے اس سانحہ میں 191 افراد ہلاک جب کہ 6 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
قبل ازیں بیروت کی پورٹ مینجمنٹ اینڈ انویسٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل باسم القیسی نے انکشاف کیا تھا کہ دھماکہ خیز مواد سے بھرے مزید کنٹینر بھی یہاں موجود ہو سکتے ہیں۔
مقامی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل باسم القیسی نے کہا ہے کہ ہم نے متعلقہ افراد کو تحریری طور پر بتایا ہے کہ وہ کسٹمز حکام کے ساتھ مل کر مزید دھماکہ خیز مواد کی تلاش کریں۔