ہنڈی کے کاروبار میں ملوث بارہ غیر ملکی عدالت میں پیش
غیرقانونی طریقے سے رقوم بیرون مملکت ارسال کررہے تھے۔( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں ہنڈی کا کاروبار کرنے والے بارہ غیرملکیوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ہنڈی کے کاروبارمیں ملوث ملزمان ہموطنوں سے رقمیں جمع کرکے غیرقانونی طریقے سے بیرون مملکت ارسال کررہے تھے۔
عکاظ اخبار کے مطابق ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔ وہ یہ نہیں بتا سکے کہ رقمیں کس طرح اور کیسے حاصل کرتے رہے ہیں۔
سیکیورٹی عہدیدار کا کہنا ہے کہ سعودی قانون کے بموجب ترسیل زر کے قانونی ذرائع ہیں۔ غیرملکی کرنسی نوٹ خریدنے اور بیچنے کے لیے مملکت بھر میں منی ایکسچینج کی 74 کمپنیاں قائم ہیں۔ یہ لائسنس ہولڈر ہیں۔ ان میں سے دو کمپنیوں کو اندرون و بیرون مملکت ترسیل زر کی بھی اجازت ہے۔
مملکت میں ہنڈی کا دھندا کرنے والے مقامی شہریوں کی مدد بھی حاصل کرلیتے ہیں۔ یہ سعودی شہریوں کی کمپنیوں کے نام سے بینکوں میں اکاؤنٹ کھول کر ان کے ذریعے ترسیل زر کرتے ہیں اور یہ سہولت فراہم کرنے پر کمپنیوں کے مالک سعودیوں کو کمیشن دے دیتے ہیں۔
سعودی قانون ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ پتہ لگنے پر فریقین کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔