Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہنڈی کا کا روبار کرنے والوں سے 20 لاکھ ریال چھیننے والا گروہ گرفتار

رپورٹ درج کرانے والے سوڈانی ہنڈی کے کاروبار میں ملوث تھے (فوٹو: عاجل)
ریاض پولیس کے ترجمان شاکر بن سلیمان التویجری نے کہا ہے کہ پولیس نے دار الحکومت ریاض کے المربع محلے میں غیر ملکیوں سے 20 لاکھ ریال سے زیادہ رقم چھیننے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
عاجل ویب کے مطابق پولیس ترجمان التویجری نے واضح کیا ہے کہ دو سوڈانی شہریوں نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر رپورٹ درج کرائی تھی کہ وہ 20 لاکھ ریال سے زیادہ کی رقم بیگ میں رکھ کر لے جارہے تھے۔ ریاض کے المربع محلے سے گزر رہے تھے کہ اچانک ان پر حملہ کیا گیا اور حملہ آور ان سے بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔
التویجری نے بتایا ہے کہ پولیس نے رپورٹ درج کرانے والوں سے حملہ آوروں کا حلیہ دریافت کرکے انہیں گرفتار کرنے کی کارروائی شروع کردی۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ دو سعودی، دو یمنی اور چاڈ کا ایک شہری تارکین کو لوٹنے کے لیے ایک گروہ بنائے ہوئے ہیں۔ ان کی عمریں 30 اور 40 کے درمیان ہیں۔ پانچوں کو تلاش کرکے حراست میں لے لیا گیا۔

 دوسعودی، دویمنی اور چاڈ کا ایک شہری گروہ بنائے ہوئے تھے (فوٹو: تواصل)

 التویجری نے یہ بھی بتایا ہے کہ رقم چھیننے جانے کی رپورٹ درج کرانے والے سوڈانیوں کی رپورٹ ان کی کمپنی کو کردی گئی ہے۔ کمپنی کے اس نمائندے کی بابت بھی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
التویجری نے بتایا ہے کہ رپورٹ درج کرانے والے سوڈانی ہنڈی کے کاروبار میں ملوث تھے۔ یہ مختلف لوگوں سے پیسے جمع کرکے غیر قانونی ذرائع سے بیرون مملکت بھیج رہے تھے جبکہ ان کی کمپنی کا نمائندہ ساز باز میں شریک تھا۔ یہ لوگ ترسیل زر کے لیے کمپنی کا نام استعمال کررہے تھے۔
رپورٹ درج کرانے والوں کے قبضے سے 12 لاکھ ریال برآمد ہوئے۔ یہ چھینی گئی رقم کے علاوہ تھی۔ پولیس نے تمام زیر حراست افراد کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرلی۔
ریاض پولیس نے خبردار کیا ہے کہ وزارت داخلہ ، سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے امن و امان کو یقینی بنائے رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔
 کوئی بھی شخص خود کو قانون سے بالاتر نہ سمجھے۔ جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ کسی کو بھی بے سہارا نہیں چھوڑا  جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: