عجمان کے سرکاری اداروں میں آن لائن کام کے قانون کی منظوری
’جن ملازمین کے کام کی نوعیت دفتر میں موجودگی کی متقاضی ہو انہیں استثنی ہے‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)
عجمان نے حکومت نے سرکاری اداروں میں ملازمین کو آن لائن کام کرنے کے قانون کی منظوری دیدی ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق حکومت نے کہا ہے کہ فیصلے پر عملدر آمد سرکاری اخبار میں شائع ہونے کے ساتھ شروع ہوجائے گا۔
عجمان حکومت نے کہا ہے کہ ’تمام سرکاری ادارے اس قانون سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس قانون سے ان اداروں کے ملازمین کو استثنی ہے جن کے کام کی نوعیت دفتر میں موجودگی کی متقاضی ہو‘۔
’علاوہ ازیں ان ملازمین کو بھی آن لائن کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جو زیر تربیت ہیں‘۔
حکومت نے کہا ہے کہ ’دفتر میں آئے بغیر آن لائن کام کرنے کی دو قسمیں ہیں، پہلی یہ کہ سرکاری ادارے کا ملازم ڈیوٹی اوقات کے دوران تمام فرائض مکمل طور پر آن لائن انجام دے، اسے دفتر میں حاضری کی ضرورت نہیں‘۔
’اس کے لیے سرکاری ادارے کا سربراہ یا ملازم کا براہ راست نگران مناسب ڈیوٹی اوقات بھی طے کر سکتا ہے‘۔
دوسری قسم جز وقتی آن لائن کام کی ہے جس میں ادارہ اور ملازم باہم اتفاق سے طے کرسکتے ہیں کہ دن کے چند گھنٹے یا ہفتہ میں چند دن یا مہینے میں چند ہفتے آن لائن کام کیا جائے‘۔
’نئے قانون نے ہر ادارے کو اختیار دیا ہے کہ وہ اپنی ضرورتوں کے مطابق فیصلہ کرے کہ اسے کن ملازمین کو گھروں سے کام کروانے کی اجازت دیتا ہے‘۔