Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ایک اور عرب ملک اسرائیل سے معاہدے پر دستخط کرے گا'

صدر ٹرمپ کے مطابق وہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اس سے قبل کبھی اتنے پُرامید نہیں رہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ میں ایک امریکی سفارتکار کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے ایک اور عرب ملک کے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے کے امکانات ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفارتکار کیلی کرافٹ نے نیوز چینل العربیہ کو بدھ کو بتایا کہ ایک اور ملک اسرائیل کے ساتھ اگلے ایک یا دو دنوں میں معاہدے پر دستخط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اور بھی بہت کچھ ہے جس کا اعلان جلد ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی سفارتکار کا بیان متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ معاہدے طے پانے کے ایک ہفتے بعد آیا ہے۔
’ابراہم اکارڈ‘ نام کے اس معاہدے پر اسرائیل کے ساتھ معاملات معمول پر لانے کے لیے دستخط کیے گئے تھے۔
کیلی کرافٹ کا کہنا تھا کہ امریکہ دیگر عرب ممالک کو اس معاہدے میں لانا چاہتا ہے۔
'میں جانتی ہوں کئی اور (ممالک) بھی پیچھے آئیں گے۔'
رواں ہفتے کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی رہنماؤں کو کہا تھا کہ وہ اس سے قبل مشرق وسطیٰ کے مستقبل کے حوالے سے کبھی 'اتنے پُر امید نہیں رہے تھے'۔
دو دن قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں امریکی صدر نے اپنی خارجہ پالیسی کی کامیابیوں کا ذکر کیا تھا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: