Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اقامے کی مدت یا پروازوں میں اضافے کی منظوری کی امید‘

پاکستان نے اقاموں کی مدت 30 اکتوبر تک بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ فوٹو بشکریہ وزارت
وزارت برائے سمندر پار پاکستانی کے مطابق سعودی عرب جانے والے مسافروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر اقامے کی مدت یا پروازوں میں اضافے کی منظوری مل جائے گی۔
وزارت کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ سعودی عرب اور پاکستانی حکام کے درمیان اگلے ہفتے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں اقامے کی مدت میں اضافے یا پھر پروازوں میں اضافے کی منظوری لی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر پروازوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے تو اقامے کی مدت میں توسیع کی ضرورت نہیں پڑے گی، تاہم کسی اور صورت میں اقامے کی مدت میں توسیع کروا دی جائے گی۔ 
خیال رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیر زلفی بخاری نے سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل عبد اللہ بن نصیر ابو السانی سے ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے رابطے میں پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر بات چیت کی تھی۔
وزارت برائے سمندر پار پاکستانی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل عبدللہ بن نصیر ابو السانی نے ہفتہ وار مشترکہ وزارتی اجلاس میں پروازوں اور اقاموں کا معاملہ اٹھانے کا وعدہ کیا تھا۔
بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی نے سعودی حکام سے پاکستانیوں کی 30 ستمبر کو میعاد ختم ہونے والے اقاموں کی مدت 30 اکتوبر تک بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ اجلاس میں ایئر لائنز کو سعودی عرب کے لیے مزید پروازیں چلانے کی اجازت دینے کی درخواست بھی کی گئی تھی۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ پاکستان کو لیبر قوانین میں ترمیم کی ایک بڑی خوشخبری سنائی جائے گی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب جانےوالے مسافروں کو ٹکٹ کےحصول میں مشکلات اور محدود پروازوں کی وجہ سے ایئر لائنز میں نشستوں کی عدم دستیابی اور کرایوں میں اضافے کا سامنا ہے۔

سعودی نائب وزیر نے اقامے کی مدت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔ فوٹو بشکریہ وزارت

وفاقی وزیر زلفی بخاری نے سعودی نائب وزیر کے ساتھ پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پروازوں کی عدم  دستیابی کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہوا ہے، کام کرنے والے کارکنوں کا بہت دباؤ ہے جو واپس سعودی عرب جانا چاہتے ہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے سعودی عرب میں کام کرنے والے چٹھی پر آئے پاکستانیوں کو واپس جانے میں مشکل کا سامنا ہے، لہٰذا سعودی ایئر کیریئر اور پی آئی اے دونوں کی پروازوں میں اضافے کی اجازت دی جائے۔
وفاقی وزیر نے اقامے کی مدت میں کم از کم ایک ماہ کی توسیع بھی کرنے اور سعودی عرب میں ملازمت میں تبدیلی کرنے کے عمل کو بھی آسان بنانے کی درخواست کی ہے۔
بیان کے مطابق سعودی نائب وزیر نے سعودی وزارت تجارت، داخلہ اور انسانی وسائل کی آئندہ مشترکہ کمیٹی کے سامنے معاملہ پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ 
سعودی نائب وزیر کے مطابق ریکارڈ کا جائزہ لے کر اقاموں کی میعاد بڑھانے کا فیصلہ بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
سعودی نائب وزیر کا کہنا تھا کہ 25 فیصد نشستیں خالی چھوڑنے کی وجہ سے بھی پروازوں پر بوجھ ہے، اس پالیسی پر نظرثانی کر رہے ہیں، جلد تمام نشستوں پر مسافروں کو آنے کی اجازت ہوگی۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: