Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اعتمرنا ایپ عمرے کے تجربے کو مزید خوشگوار بنا دے گی‘

ڈاکٹر عمر المدہ کے مطابق ایپ کی شروعات کے بعد عمرہ کمپنیوں کو بہتر اور زیادہ خدمات فراہم کرنا چاہیے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت حج کے ایک سینیئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ مملکت کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی عمرہ ایپ نہ صرف کاروبار میں مسابقت کا ماحول پیدا کرے گی بلکہ زیارت مقدسہ کے تجربے کو بھی خوشگوار بنائے گی۔
خصوصی ایپ 'اعتمرنا'  کا مقصد کورونا کے وبا کے دوران صحت کے حوالے ضوابط پر عمل در آمد کروانا اور لوگوں کے لیے عمرے کی بکنگ آسان بنانا ہے۔
ایپ عمرہ بکنگ کی خدمات بھی فراہم کرتا ہے جسے عمرہ زائرین مکہ پہنچنے سے قبل رہائش، ٹرنسپورٹ اور تفریح سہولیات کی بکنگ کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت حج و عمرہ کے چیف پلاننگ اینڈ سٹریٹیجی آفیسر ڈاکٹر عمر المدہ کا کہنا ہے کہ ایپ کی شروعات کے بعد عمرہ کمپنیوں کو بہتر اور زیادہ خدمات فراہم کرنا چاہیے۔
عمر المدہ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’جب کمپنیاں معیاری خدمات کم قیمت پر مہیا کرتے ہیں اور خصوصاً مقامی زائرین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے سخت محنت کرتے ہیں تو زائرین اس کمپنی کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔‘
ان کے مطابق بیرونی ایجنٹس جو کہ عمرہ سے متعلق سب کچھ کنٹرول کرتے تھے اب ایسا نہیں کر سکیں گے۔ ’وہ صرف ایجنٹس ہیں اور ان کے پاس کوئی سہولیات نہیں ہوتی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ایجنٹوں کا کام تو صرف عمرہ کمپنوں کی نمائندگی اور انہیں مملکت کے باہر مارکیٹ کرنا ہے۔
المدہ کے مطابق اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور عمرہ کمپنوں اور ان کے بیرونی ایجنٹوں کے درمیان تعلق صرف مارکیٹنگ تک محدود ہوگا۔
’نئے اٹھائے گئے اقدامات سے عمرہ کمپنیاں بالکل آزاد ہوگئی ہے۔ ان اقدامات کے بعد بیرونی زائرین براہ راست فون، ایپ اور ایجنٹوں کے بغیر دوسرے ذرائع سے عمرہ کمپنوں سے ڈیلنگ کر سکیں گے۔ یہ عمرہ کمپنیوں کو آزاد کرے گی اور ان کی کارکردگی بہتر بنائے گی۔‘
خیال رہے رواں ہفتے کے شروع میں سعودی عرب نے عمرہ مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ مذکورہ فیصلہ کورونا کی وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی عمرے کی خواہش کو مد نظر رکھ کر کیا گیا تھا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: