Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قدرتی خوبصورتی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشتی ہے

یہ فن ہر ایک کی دسترس میں ہے اور وہ پیشہ ور فوٹوگرافر بن سکتا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی نوجوان  فوٹوگرافر حسن ھروبی جو 2013 سے اس فن سے منسلک ہیں ان کا کہنا ہے کہ انہیں  بچپن سے ہی فوٹو گرافی کا شوق تھا۔
عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی عرب کے جنوب میں واقع  جازان کمشنری میں ھاروب کے علاقے سے تعلق رکھنے والا فوٹو گرافر انتہائی خوبصورتی سے جنوبی خطے کی عکاسی کرتا ہے۔
حسن ھروبی نے بتایا کہ میں نے اپنا پہلا کیمرہ 2013 میں خریدا تھا۔ سب سے پہلے میں نے جو تصاویر کھینچیں وہ شہر سے 110 کلومیٹر دور مشرقی جازان کے خوبصورت مناظر تھے۔

ماحول کو پیش نظر رکھ کر تصویر کوعام سے خاص بنایا جا سکتا ہے۔(فوٹو انسٹاگرام)

انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ میں نے بہت سی مشہور اور ممتاز تصاویر کھینچی ہیں جس میں ایک خاص تصویر اس وقت کی ہے جب چاند زمین کے بالکل قریب نظر آ رہا ہے اور تصویر میں اس کا حجم دیوہیکل ہے۔
اس کے ساتھ ایک طالب علم کی تصویر جو کورونا وائرس کے دنوں میں آن لائن تعلیم حاصل کر رہا ہے اور بہت سی دیگر شاہکار تصاویر ہیں۔
حسن نے بتایا کہ آسمان پر ایسی قدرتی خوبصورتی موجود  ہے جو تخلیقی صلاحیتوں اور فوٹو گرافی کے ہنر کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

اگر تکنیکی غلطیوں پر فوکس نہ کیا جائے تو اچھا کیمرہ بھی فضول ہے۔ (فوٹوعرب نیوز)

انہوں نے کہا کہ جو بھی شخص فوٹو گرافی سے پیار کرتا ہے وہ پوری دنیا  میں قدرت کی نمائش کے لازوال شاہکار اپنے کیمرے کی نظر سے دکھا سکتا ہے۔بے شک وہ  فوٹو  پودوں کی ہو، جانوروں، سمندروں، آسمان، زمین ، پہاڑ، مٹی  یا پانی  کی ہو۔
انہوں نے کہا کہ خطہ ارض  پر ہر طرف بکھرا قدرتی حسن انسان کے لیے اللہ تعالی کا عطا کردہ خزانہ ہے اور یہ ہماری زندگی کی عکاسی کا ذریعہ بھی ہے۔
اسی سے انسان کو  اپنی تمام ضروریات حاصل کرنے کے لیے قدرتی وسائل ملتے ہیں اور  روز مرہ زندگی میں استعمال کے لیے ہم اس میں سے ہی سارا  مواد لیتے ہیں۔

قدرتی خوبصورتی تخلیقی صلاحیتوں اور ہنر کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

انہوں نے کہا کہ فوٹو گرافر کو تصاویر لینے کے لئے سب سے پہلے سوچنے کی ضرورت ہے کہ "غیر معمولی تصویر کھینچنے کا بہترین لمحہ کیا ہے؟"
فوٹو گرافی ایسا فن ہے جسے کچھ لوگ معمولی سمجھتے ہیں کیونکہ ہم جب چاہیں تصویر کھینچ سکتے ہیں اور یہ حقیقت کے منافی نہیں مگر   پیشہ ور  فوٹو گرافر کی نظر میں ہر چیز کے لیے خاص وقت ہوتا ہے جو اس کے بہترین نتائج سامنے لاتا ہے۔
فوٹو گرافی  وسیع فن ہے۔ پیشہ ور فوٹوگرافربننے کے خواہاں افراد کو  ہر کام میں منظم ہونا چاہئے۔ جیسا کہ جگہ کی منصوبہ بندی ، کیمرہ تیار کرنے اور ہر فوٹو سیشن کے لئے مناسب وقت  اور  سامان کی دستیابی کو یقینی بناناہے۔

"غیر معمولی تصویر کھینچنے کا بہترین لمحہ کیا ہے؟"یہ سوچنا ضروری ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

جہاں تک فوٹو کھینچنے  کے لیے بہترین وقت کی بات ہے تو ھروبی کا کہنا ہے کہ خاص طور پر ہموار، آسانی سے کنٹرول کی جانیوالی روشنی میں تصویروں اور مناظر کے لئے طلوع آفتاب یا غروب آفتاب سے ایک گھنٹے کے قریب کا وقت "سنہری گھنٹہ" ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل فون میں جدید کیمرے آنے سے سعودی عرب میں فوٹو گرافی ہر ایک کی دسترس میں ہے اور اب کوئی بھی پیشہ ور فوٹوگرافر بن سکتا ہے۔
فوٹوگرافی کیمرہ کی قسم پر منحصر نہیں۔ بنیادی طور پر یہ فوٹو گرافر کے وژن اور تاثر پر منحصر ہے کہ وہ تصویر کس طرح کھینچتا ہے، وہ کس چیز پر فوکس کرتا ہے اور دوسرے کم اہم حصوں کو نظر انداز کرتے ہوئے وہ کس حصے کو اجاگر کرتا ہے۔
حسن نے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ  فوٹو گرافی کا بنیادی اصول کیمرے کے بجائے موجودہ  ماحول کو  پیش نظر رکھنا ہے جو کسی ایک تصویر کو عام سے خاص بنا دیتا ہے۔
ھرروبی نے کہا ، " پیشہ ور شخص کے  کیمرہ استعمال کرنے سے تصویر زیادہ  خوبصورت ہوجائے گی  کیونکہ وہ تکنیکی غلطیوں کو نظر انداز نہیں کرتا اگر کوئی تکنیکی غلطیوں پر فوکس نہیں کرتا ہو اچھے سے اچھے کیمرے کا رزلٹ بھی عام موبائل سے لی گئی تصویر سے بدتر ہو گا۔یہ ایسے ہی ہے کہ جیسے ایک خوبصورت پینٹنگ کے پیچھے پینٹر کی مہارت ہوتی ہے نہ کہ اس میں برش یا قلم کا کوئی کمال ہوتا ہے۔
انہوں نے فوٹو گرافری کا شوق رکھنے والے تمام خواتین و حضرات کو مشورہ دیا کہ  پہاڑوں میں خاص طور پر بارش کے دنوں اور طوفان کے دوران باہر جانے اور تصاویر لینے میں مکمل احتیاط کریں کیونکہ ایسے موسم میں جنوبی علاقے انتہائی پیچیدہ اور ممکنہ طور پر خطرناک ہو سکتے ہیں۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: