’افغان خاتون کمانڈر‘ طالبان کے ساتھ شامل
جمعہ 16 اکتوبر 2020 14:07
کمانڈر کفتر نے روس کے خلاف بھی جہاد میں حصہ لیا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)
افغان طالبان کے مطابق حکومت کی حمایتی خاتون ’کمانڈر کفتر‘ نے ان کے ساتھ شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’کمانڈر کفتر ‘کی شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے خاتون کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے مزید لکھا کہ جمعرات کو بغلان کے نھرین ضلع میں ’کمانڈر کفتر‘ کے مسلح ساتھی بھی طالبان کے ساتھ شامل ہوئے ہیں۔
بغلان صوبے کے حکام نے کمانڈر کفتر کی افغان طالبان کے ساتھ شمولیت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا ہے۔
افغان میڈیا خامہ پریس کے مطابق عائشہ اپنے علاقے میں کمانڈر کفتر کے نام سے مشہور ہیں۔
انہوں نے تقریباً دو دہائیوں سے طالبان کے خلاف لڑائی کی ہے۔ کمانڈر کفتر نے روس کے خلاف جہاد میں بھی حصہ لیا تھا اور مقامی رپورٹس کے مطابق مجاہدین کی ایک بڑی تعداد ان کے ماتحت تھی۔
کمانڈر کفتر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ افغانستان کی واحد خاتون وار لارڈ ہیں۔