متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کی تجرباتی ویکسین لگوا لی ہے۔
وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان نے تجرباتی ویکسین لگواتے ہوئے اپنی تصویر ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹنے کا طریقہ کورونا ویکسینیشن ہی ہے۔
التطعيم عن كورونا طريقنا للعودة للحياة الطبيعية #تم_التطعيم pic.twitter.com/nl5uZSs3cI
— عبدالله بن زايد (@ABZayed) October 16, 2020
عرب نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات نے صحت کے عملے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کورونا وائرس کی ویکسین کی منظوری دی تھی۔
اماراتی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وائرس کی ویکسین سب سے پہلے کورونا کا فرنٹ لائن پر مقابلہ کرنے والے طبی عملے کو مہیا کی جائے گی جن کی زندگیوں کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے۔
ویکسین کے کامیاب کلینکل ٹرائلز کے بعد اماراتی وزیر صحت عبدالرحمان الاویس کو بھی ویکسین کا انجیکشن لگ چکا ہے۔ وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ویکیسن مقامی قوانین سے مطابقت رکھتی ہے۔
مزید پڑھیں
-
ابو ظبی: کورونا ویکسین کے ٹرائلز کا آغازNode ID: 494601
-
امارات میں کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازتNode ID: 505046
وزیر صحت کے مطابق ویکسین مؤثر ہے اور ٹرائل کے دوران رضاکاروں میں اینٹی باڈیز پیدا کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں عرب امارات نے کورونا ویکسین کے ٹرائلز کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا تھا۔ یہ ٹرائلز ایک چینی نیشنل بائیو ٹیک کمپنی ’سینو فارم‘، ابو ظبی کی حکومت اور مصنوعی ذہانت کی کمپنی ’جی 42 ہیلتھ کیئر‘ کے اشتراک سے کیے گئے تھے۔
چینی نیشنل بائیو ٹیک کمپنی ’سینو فارم‘ نے ویکسین تیار کی ہے جس کے بڑے پیمانے پر کلینکل ٹرائل عرب امارات میں کیے گئے تھے۔
عرب امارات میں جمعے کے روز کورونا وائرس کے ایک ہزار 412 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ امارات میں اب تک ایک لاکھ 12 ہزار 849 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ 455 اموات واقع ہوئی ہیں۔