ابو ظبی: کورونا ویکسین کے ٹرائلز کا آغاز
ہفتہ 25 جولائی 2020 15:21
’یہ دنیا کی پہلی غیر فعال ویکسین ہے جو ٹرائلز کے تیسرے فیز میں پہنچی‘ (فوٹو: اے ایف پی)
ابو ظبی میں حکام کے مطابق غیر فعال کورونا ویکسین کے ٹرائلز کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ دنیا کی پہلی غیر فعال ویکسین ہے جو ٹرائلز کے تیسرے مرحلے میں پہنچی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی ’وام‘ نے کہا ہے کہ یہ ٹرائلز ایک چینی نیشنل بائیو ٹیک کمپنی ’سینو فارم‘، ابو ظبی کی حکومت اور مصنوعی ذہانت کی کمپنی ’جی 42 ہیلتھ کیئر‘ کے اشتراک سے کیے جا رہے ہیں۔
اس ویکسین کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ’یہ دنیا کی پہلی غیر فعال ویکسین ہے جو ٹرائلز کے تیسرے مرحلے میں پہنچی ہے۔‘
ابو ظبی کے شعبہ صحت کے نگران انڈر سیکرٹری جمال محمد القابی نے کہا ہے کہ ’مختلف ممالک کے لوگوں کی طرف سے متحدہ عرب امارات کو اپنا گھر سمجھنے، اور ملکی قیادت کی طرف سے دنیا کے مختلف ممالک میں وبا پر قابو پانے کے لیے ادا کیے گئے کردار کی وجہ سے یہ ملک کلینکل ٹرائلز کے لیے بہترین جگہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ان ٹرائلز میں 20 ممالک کے رضاکاروں نے حصہ لیا ہے جو ممکنہ ویکسین کے لیے مثبت اقدام ہے۔
ان ٹرائلز کے لیے 10 ہزار سے زیادہ افراد رجسٹر ہوئے ہیں، اور اگر مزید لوگ اس ٹرائل میں رضاکارانہ طور پر حصہ لینا چاہتے ہیں تو وہ اس ویب سائٹ پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ (www.4humanity.ae)۔
محکمہ صحت کے حکام اس ٹرائل کے لیے 18 سے 60 برس کی عمر کے 15 ہزار افراد کو رجسٹر کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری طرف متحدہ عرب امارات میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 261 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد 58 ہزار249 ہوگئی ہے، اور کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 343 ہے۔