سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ’معتمرون‘ پروگرام کا افتتاح کیا۔
انتظامیہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل سسٹم سے استفادہ کرتے ہوئے کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے متعدد اقدامات اور سہولتوں کا پیکیج تیار کیا ہے۔ معتمروں پروگرام اسی کا ایک حصہ ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق السدیس نے کہا کہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کو پیش آنے والی دشواریوں اور رکاؤٹوں کو حل کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔
کوشش ہے کہ مقدس مساجد کے زائرین کو عمدہ اور معیاری خدمات مہیا ہوں اور اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
’معتمرون‘ ایپ میں زائرین کے لیے ضروری معلومات ذخیرہ کی گئی ہیں۔ انہیں بتایا گیا ہے کہ مکہ میں انہیں کہاں جمع ہونا ہوگا اور کہاں سے وہ حرم مکی میں داخل ہوں گے اورکہاں کہاں نماز ادا کرسکیں گے۔
معتمرون ایپ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہیل چیئرز کہاں مہیا ہیں۔ زائرین کے لیے تحفائف تقسیم کرنے والے کاؤنٹر کہاں کہاں کھلے ہوئے ہیں۔
ایپ میں زائرین کی تعداد سمیت تمام اہم امور پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ معتمرون ایپ کے اجرا کا مقصد عمرہ زائرین اور نمازیوں کی مسجد الحرام آمد اور وہاں سے واپسی کے عمل کو آسان اور منظم کرنا ہے۔
اس کا مقصد سماجی فاصلے کے طور طریقوں سے آگاہی فراہم کرنا، منظم طریقے سے قافلے میں شامل ہوکر عمرہ ادا کرنا اور عبادت کو رواں دواں شکل میں محفوظ طریقے سے انجام دینے کی ہدایات شامل ہیں۔