تعلیم سے قوم آگے بڑھتی ہے: عمران خان
ہفتہ 24 اکتوبر 2020 13:02
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے لیے اقدامات کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کپاس اور کپڑا بیچنے سے نہیں بلکہ تعلیم کی وجہ سے ہی آگے بڑھتی ہے۔
اپنے حلقہ انتخاب میانوالی میں سنیچر کوعیسیٰ خیل کیڈٹ کالج میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ضلعے میں سہولیات کی عدم موجودگی کا ذکر کیا تو کہا کہ تعلیم و صحت کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ دو یونین کونسلز کو چھوڑ کر باقی علاقے کے لیے پانی کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے سب کو سہولت ہوگی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے سکولوں کے لیے اساتذہ سے متعلق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ پلان کر رہا ہوں، یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ مقامی افراد کو صحت کی سہولت میسر آسکے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ پہلے میانوالی، ڈی جی خان اور راجن پور جیسے علاقوں میں سکول اور ہسپتال ٹھیک کریں۔
وزیراعظم نے مدینہ کی فلاحی ریاست کے اصولوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ایک امتیاز یہ تھا کہ قانون کے سامنے سب برابر تھے۔ ’یہ نہیں کہ کوئی لاکھوں کی چوری کرے تو وہ جیلوں میں اور کوئی اربوں کی چوری کر کے لندن چلا جائے تو وہ کہے کہ میں قانون سے اوپر ہوں مجھے تو پوچھے ہی نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کا مطلب ہے کہ ہم کمزور کو اوپر لائیں اور کوئی طاقتور ان پر ظلم نہ کر سکے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جن کے میڈیکل چیک اپ اور بچے لندن میں ہوں گے تو ان کو پسماندہ علاقوں کا احساس کیسے ہوگا۔
اجتماع کے موقع پر موجود پولیس حکام اور صوبائی پولیس سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے اس بات پر خاص نظر رکھنی ہے کہ تھانوں میں غریبوں پر ظلم نہ ہو۔