Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹھیکیداری اور اصلاح و مرمت کے شعبے میں تین فیصد سعودائزیشن

سعودی کارکنوں کو ملازمت دینا لازمی ہو گا۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی انجینئر احمدسلیمان الراجحی نے ٹھیکیداری، اصلاح و مرمت کے شعبے میں 3 فیصد سعودائزیشن کے قانون کی منظوری دی ہے۔
وزارت افرادی قوت کے پروگرام نطاقات کے تحت  اس شعبے میں سعودی کارکنوں کو ملازمت دینا لازمی ہو گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق قانون پر عمل درآمد یکم شعبان 1442 ہجری بمطابق 14 مارچ 2021 سے کیا جائے گا۔ 
وزارت افرادی قوت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تعمیرات و اصلاح و مرمت کے شعبے میں 3 فیصد سعودائزیشن کے قانون سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے جبکہ اس فیلڈ سے منسلک مقامی افراد کو اپنی صلاحیت منوانے کے بھی مواقع ملیں گے۔ 
ذرائع کا کہنا تھا کہ آپریشن اینڈ مینٹینینس کے شعبے میں کام کے بے شمار مواقع ہیں جبکہ اس شعبے میں نطاقات پروگرام میں اضافہ سے کافی بہتری آئے گی۔ 
واضح رہے وزارت افرادی قوت کے پروگرام نطاقات میں ٹھیکیداری اور اصلاح و مرمت کے شعبے کو 6 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں پہلا حصہ چھوٹی کمپنی پر مشتمل ہوتا ہے جہاں کارکنوں کی تعداد 6 سے 49 ہوتی ہے اسے چھوٹی کیٹگری ’ب ‘ کہا جاتا ہے جبکہ درمیانی کیٹگری ’الف ‘ میں کارکنوں کی تعداد 50 سے 99 تک ہوتی ہے۔ 
درمیانی کیٹگری ’ب ‘ میں 100 سے 199 کارکن ہوتے ہیں جبکہ درمیانی کیٹگری ’ج‘ میں کارکنوں کی تعداد 200 سے 499 ہوتی ہے۔ 

قانون پر عمل درآمد  14 مارچ 2021 سے کیا جائے گا۔(فائل فوٹو اے ایف پی)

بڑی کمپنی میں کارکنوں کی تعداد 500 سے 2999 تک ہوتی ہے جبکہ جائنٹ کمپنی میں کارکنوں کی تعداد 3000 سے شروع ہوتی ہے۔ 
نطاقات پروگرام کے تحت 5 کیٹگری بنائی گئی ہے جس میں ریڈ کیٹگری میں سعودی کارکنوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اس کیٹگری میں آنے والی کمپنی کے تمام قانونی معاملات سیز کردیئے جاتے ہیں ۔ 
دوسری کیٹگری کو ’لو گرین ‘ کہا جاتا ہے جبکہ تیسری کیٹگری ’مڈل گرین ، چوتھی ’ہائی گرین’ اورپانچویں کیٹگری کو ’پلاٹینیم ‘ کہا جاتا ہے ۔ 
پانچویں اور چوتھی کیٹگری میں آنے والی کپنیوں کو تمام مراعات حاصل ہوتی ہیں انہیں مطلوبہ تعداد میں غیر ملکی کارکنوں کے ویزے بھی جاری کیے جاتے ہیں جبکہ دیگر معاملات میں بھی کسی قسم کی دشواری نہیں ہوتی۔  

شیئر: