امارات میں پٹرول کے سابقہ نرخ برقرار
قیمت میں پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل ہے۔( فوٹو سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات نے نومبر 2020 کے لیے پٹرول کے نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ اکتوبر کے لیے مقرر نرخ نومبر میں بھی نافذ العمل ہوں گے۔
الامارات الیوم کے مطابق سپر 98 کے نرخ فی لٹر 1.91 درہم جبکہ پٹرول 95 کے نرخ فی لٹر 1.80 درہم برقرار رہیں گے۔
ڈیزل یکم نومبر سے فی لٹر 2.06 درہم میں دستیاب رہے گا۔ اکتوبر میں بھی یہی نرخ تھے۔
امارات میں پٹرول اور ڈیزل تقسیم کرنے والی کمپنیوں نے سپر 98 ، 95 اور ڈیزل کے نئے نرخ جو یکم نومبر سے نافذ ہوں گے اپنی ویب سائٹس پر جاری کردیے۔ یہ پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس پر مشتمل ہیں۔
امارات میں مسلسل 8 ماہ سے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں استحکام ہے جو نرخ اکتوبر، ستمبر، اگست، جولائی، جون، مئی اور اپریل میں تھے وہی نرخ نومبر میں بھی ہوں گے۔
یاد رہے کہ اماراتی وزارت توانائی و صنعت ہر ماہ کے لیے پٹرول کے نئے نرخ جاری کرتی ہے۔ اس کا فیصلہ عالمی تیل منڈی کے اوسط نرخوں کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں پٹرول اور ڈیزل تقسیم کرنے والی کمپنیوں کی لاگت بھی اس میں شامل کردی جاتی ہے۔