امارات:1ہزارسے زائد اور کویت میں مزید 742 کورونا کیسز
امارات:1ہزارسے زائد اور کویت میں مزید 742 کورونا کیسز
ہفتہ 7 نومبر 2020 19:36
امارات میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران ایک لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے گئے(فوٹو، ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزیر 1141 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کویت میں مزید 742 افراد کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ پازیٹوآیا ہے۔
اماراتی اخبار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران امارات میں ایک لاکھ 32 ہزار 347 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 141 افراد میں وائرس پازیٹو آیا ۔
اماراتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 4 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے جس کے بعد اب تک کووڈ 19 سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 514 تک پہنچ گئی ۔
کورونا سے ایک ہی روز میں 672 افراد شفایاب ہوئے جس کے ساتھ مجموعی طور پر ایک لاکھ 37 ہزار 608 افراد اس مرض سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 742 افراد میں کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 31 ہزار 205 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 4افرا د ہلاک ہوئے جس کے ساتھ اب تک کویت میں اس مہلک مرض سے ہلاکتوں کی تعداد 808 ہو گئی۔
کورونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقررہ ایس اوپیزکے تحت ہر شخص سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کرے جبکہ ماسک کا استعمال لازمی ہے خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔