ایک ہفتے میں 2 ہزار سے زائد افراد نے ویل چیئر بک کرائی (فوٹو: ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین کی جانب سے حرم مکی میں آنے والے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے لانچ کی جانے والی ’ تنقل ‘ ایپ سے اب تک 2 ہزار سے زائد افراد مستفیض ہو چکے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق ادارہ امور حرمین نے گذشتہ ہفتے بیمار ، معمر اور معذورعمرہ زائرین کی سہولت کے لیے پیشگی ویل چیئر بک کرنے کی سہولت فراہم کی تھی۔
ویل چیئر کی بکنگ کے لیے مخصوص ایپ ’تنقل ‘ کے ذریعے مکہ آنے والوں کو کافی سہولت ہوتی ہے۔
ایپ کے ذریعے پہلے ہی ویل چیئر کی بکنگ ممکن ہوجاتی ہے جس سے عمرہ زائرین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
ویل چیئر کے حصول کے لیے لانچ کی گئی ’تنقل ‘ ایپ کا مقصد کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا اوراس مہلک مرض سے لوگوں کو محفوظ رکھنا ہے۔
ایپ لانچ کرنے کا بنیادی مقصد ویل چیئر تقسیم کرنے والے سینٹر پر ازدحام کو کنٹرول کرنا ہے تاکہ سماجی دوری کے اصول پر مکمل طور پر عمل کیا جاسکے۔
ایپ کے ذریعے ویل چیئر حاصل کرنے والا کوئی بھی شخص پہلے سے طے شدہ مقررہ وقت پر ویل چیئر کسی دشواری کے بغیر حاصل کرسکتا ہے۔
ویل چیئر کے حصول کے لیے ایپ پر رجسٹریشن کے طریقے کی وضاحت کرتے ہوئے متعلقہ اہلکار نے بتایا کہ ایپ پر اقامہ نمبر اور موبائل نمبر فیڈ کرنا پڑتا ہے جس کے بعد ادارے کی جانب سے خود کارسسٹم کے تحت کوڈ ارسال کیا جاتا ہے۔
وصول ہونے والے کوڈ کو ارسال کرنے کے بعد ویل چیئر کے لیے دن اور وقت مقرر کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں فراہم کی گئی سہولتوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جن میں الیکٹرانک گاڑی، ایک سیٹ یا دوسیٹ والی، الیکٹرانک گاڑی ہونے کی صورت میں ڈرائیور یا بغیر ڈرائیور کا آپشن اختیار کرنے کے بعد بکنگ کنفرم کی جاتی ہے۔
ایپ میں بکنگ منسوخ کرانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ اگر کرسی بک کرنے والا کسی مجبوری کی وجہ سے وقت مقررہ پر نہ آسکے تو وہ اسے کینسل کراسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ادارہ امور حرمین کی جانب سے ضرورت مند عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے الیکٹرانک ویل چیئرز کا انتظام نیا نہیں، تاہم کورونا وائرس کے بعد جب عمرہ پر عارضی پابندی عائد کی گئی تو بہت سے معاملات کو از سرنو مرتب کیا گیا جس میں کورونا سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے کے اصول کو مقدم رکھا گیا تھا۔
اس مد میں ویل چیئر کا حصول بھی شامل ہے جو ان افراد کے لیے فراہم کی جاتی ہے جنہیں پیدل چلنے میں دشواری ہوتی ہے۔ ایسے ممعر یا بیمار افراد الیکٹرانک ویل چیئر کے ذریعے باآسانی طواف اور سعی کرلیتے ہیں۔
احتیاطی تدابیر کے تحت جاری کی گئی ایپ ’تنقل‘ کے ذریعے حاصل کی جانے والی ویل چیئر کا کرایہ بھی ڈیجیٹل ادائیگی کے ذریعے کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔