دبئی بین الاقوامی مالیاتی مرکز کا اسرائیلی بینک سے معاہدہ
دبئی بین الاقوامی مالیاتی مرکز کا اسرائیلی بینک سے معاہدہ
ہفتہ 21 نومبر 2020 19:44
ماہرین کو دبئی انٹرنیشنل فنانس سینٹر کے پروگراموں کے لئے مدعو کیا جائے گا۔(فوٹو سعودی گزٹ)
دبئی انٹرنیشنل فنانس سینٹر ڈی آئی ایف سی نے اسرائیل کے سب سے بڑے بینکوں میں سے ایک بینک کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ یہ بات دبئی کے میڈیا آفس نے سنیچر کو بتائی۔
عرب نیوز کے مطابق معاہدے کے تحت ہاپوالم بینک کو ڈی آئی ایف سی نیٹ ورک کا حصہ بننے کی اجازت ہوگی۔
اسرائیلی بینک کے سرمایہ کاری اور فنٹیک ماہرین کو دبئی انٹرنیشنل فنانس سینٹر کے پروگراموں میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت ہاپوالم بینک کو ڈی آئی ایف سی نیٹ ورک کا حصہ بننے کی اجازت ہوگی جو اسرائیلی بینک کو مشرق وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی ایشیا تک رسائی فراہم کرے گا۔
ہاپوالم بینک کے سی ای او ڈوو کوٹلر نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی روابط کو وسیع اور مستحکم بنائیں گے۔
یہ معاہدہ اسرائیلی فنٹیک کی کاروباری شخصیات کو دبئی کے متحرک اور فعال ماحولیاتی نظام کے بابِ داخلہ تک رسائی فراہم کرے گا اور سرحد پارج دت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ہاپوالم دونوں ملکوں کے درمیان جدت طرازی کا اہم پل تعمیر کرنے والا پہلا اسرائیلی بینک ہے جو اس کے لیے اعزاز ہے۔
ہاپوالم بینک کے سرمایہ کاری اور فنٹیک ماہرین کو ڈی آئی ایف سی کی جانب سے فنٹیک ہائیو انویسٹر ڈے جیسے پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
دبئی بین الاقوامی مالیاتی مرکز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرعارف امیری نے کہا کہ ہماری شراکت داری سے ہاپوالم بینک کو خطے کی سب سے ترقی یافتہ، وسیع اور عمیق مالیاتی ماحولیات تک رسائی میسر آئی ہے۔
وہ انتہائی نفع بخش بینکاری، مالیاتی منڈیوں، اثاثوں کے انتظام، جدید اختراع اور فنٹیک کے دستیاب مواقع سے استفادہ کر سکیں گے۔