Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کسٹم کی بڑی کارروائی، لاکھوں نقلی اشیا تلف  

نقلی اشیا میں موبائل ، گاڑیوں کے پارٹس بھی شامل تھے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی کسٹم نے انسداد جعل سازی کے حوالے سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 20 لاکھ سے زیادہ نقلی اشیا ضبط کر کے تلف کرا دیا۔
ضبط کی جانے والی جعلی اشیا میں موبائل،گاڑیوں کے پارٹس ، جوتے ، ملبوسات ، مصنوعی زیورات اور باتھ روم میں استعمال ہونے والی مختلف اشیا شامل تھیں ۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی کسٹم نے  نقلی اشیا بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور بری سرحدی چوکیوں پر ضبط کیا تھا ۔ 

 نقلی اشیا کو تلف کرنے کےلیے مخصوص ادارے کی خدمات حاصل کی گئیں(فوٹو، ٹوئٹر)

سعودی کسٹم کا کہنا ہے کہ اس کی ایک ذمہ داری یہ ہے کہ کاپی رائٹ کا تحفظ کیا جائے اور مملکت میں نقلی اور ملاوٹی سامان داخل ہونے سے روکا جائے ۔
مذکورہ کارروائی کاپی رائٹ اتھارٹی کے تعاون سے انجام دی گئی ۔  
سعودی کسٹم کا کہنا ہے کہ نقلی اور جعلی اشیا سپیشلسٹ کمپنی کی مدد سے تلف کرائی گئیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ پیدا نہ ہو ۔  
سعودی کسٹم نے بتایا کہ ملاوٹی اور نقلی اشیا میں گاڑیوں کے فلٹر ، آرائشی موبائل سیٹس ، ملبوسات ، جوتے اور صحت کا سامان شامل تھا۔ 
نقلی اشیا پر معروف برانڈ کے مونوگرام لگا کر انہیں مملکت لانے کی کوشش کی جارہی تھی جسے ناکام بنایا گیا۔
واضح رہے سعودی کسٹم قوانین کے تحت معروف برانڈ کی مصنوعات کے لیبل لگا کر انہیں امپورٹ کرنا جرم ہے ایسا کرنےوالوں کا سامان نہ صرف ضبط کرلیا جاتا ہے جبکہ ان پر جرمانے بھی عائد کیے جاتے ہیں

شیئر: