Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے 187 کیسز کی تصدیق

چھ سو مریضوں کی حالت نازک ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی ہو رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کووڈ 19 کے مصدقہ کیسزکی تعداد 187 رہی جبکہ اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔
اتوار کے روز وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کورونا سے مختلف شہروں میں 11 ہلاکتیں ہوئی ۔ اب تک مجموعی طور پر5 ہزار 966 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب میں اب تک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 58 ہزار 713 ہو چکی ہے۔

کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کیاجائے(فوٹو، ایس پی اے)

 کورونا سے صحتیابی کے تناسب میں بھی غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے ۔ ایک ہی روز میں مختلف شہروں میں کورونا کے 317 مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد اب تک اس مرض سے 3 لاکھ 48 ہزار 879 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران ریاض ریجن میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی جہاں 52 کیسز کی تصدیق ہوئی ۔
مکہ مکرمہ ریجن میں کورونا کیسز کی تعداد 38 رہی جبکہ مدینہ منورہ ریجن میں 33 اور مشرقی ریجن میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 25 رہی۔
قصیم ریجن میں 13 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ عسیر ریجن میں 9 افراد اس سے متاثر ہوئے۔
تبوک اور نجران ریجن میں مریضو ں کی تعداد 4 ، چار رہی ، جازان میں 3 مریض سامنے آئے۔
الجوف اور حدود الشمالیہ میں 2 ، دو مریض رہے جبکہ حائل اور الباحہ ریجن میں ایک ایک شخص میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

 مملکت میں صحتیابی کے تناسب میں بھی اضافہ ہورہا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں اس وقت 3 ہزار 869 افراد میں کورونا وائرس ایکٹو ہے جبکہ 600 افراد کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے انہیں انتہائی نہگداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبا جب تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوجاتی یا اس حوالے سے کارگرویکسین دستیاب نہیں ہوجاتی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیاجائے۔

شیئر: