جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کا 14 سال بعد پاکستان کا دورہ
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دوطرفہ سیریز میں دو ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کراچی اور راولپنڈی کے سپرد جبکہ تین ٹی 20 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق مہمان ٹیم سیریز میں شرکت کی غرض سے 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ 4 تا 8 فروری کو دوسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں ہوگا۔ 11 فروری سے ٹی 20 سیریز کا آغاز ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق 13 فروری کو دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل اور تیسرا ٹی 20 میچ 14 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول کیا گیا ہے
دورے میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کرے گی، جس کے بعد انہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا سکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے سال 2007 کے بعد یہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔د ونوں ٹیموں نے 2010 اور 2013 میں پاکستان کی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو یعنی متحدہ عرب امارات میں کھیلی تھیں۔