سرخ گوشت کا زیادہ استعمال صحت کے لیے کتنا نقصان دہ؟
جمعرات 10 دسمبر 2020 20:00
امریکہ میں ہونے والی ایک سائنسی تحقیق نے سرخ گوشت کے انسانی صحت پر مضر اثرات کی تصدیق کی ہے۔
بی ایم جے اخبار کے مطابق تحقیق میں غذائی نظام میں ورائٹی لانے، مختلف سبزیوں اور پھلوں کے استعمال پر زور دیا ہے جبکہ سرخ گوشت کی مقدار کو کم سے کم رکھنے پر زور دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق انہوں نے تحقیق کے دوران چالیس ہزار امریکی باشندوں کے لائف سٹائل کا 30 سال تک مشاہدہ کیا۔ اس مشاہداتی تحقیق کے نتائج آنے پر معلوم ہوا کہ جو لوگ روزانہ گوشت کھاتے ہیں ان میں دل کی بیماری کا خطرہ 12فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق پروسس شدہ گوشت روزانہ کھانے والے افراد میں دل کی بیماری کا خطرہ 15 فیصد زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سبزیاں، دالیں، سویابین یا دیگر پروٹین سے بھرپور اناج کھانے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ 14 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق 65 سال کی عمر کے بعد سرخ گوشت کے بجائے دیگر صحت مند اشیاء کا استعمال زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ عمر رسیدہ افراد میں ویسے بھی دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔