Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ڈی ایم کا جلسہ: پی ٹی آئی کا جھنڈا ’بلر کرنا بھول گئے‘

عابد شیر علی نے لاہور جلسے کی دیگر تصویریں بھی شیئر کیں۔ فوتو توئٹر
وہ جلسہ تو ہو گزرا ہے جو انعقاد سے قبل ہی سب کے ذہنوں اور سوشل میڈیا کے شانوں پر سوار تھا لیکن لطف کی بات یہ ہے کہ اب بھی اپنی یہ ’سیٹ‘ چھوڑنے کو تیار نہیں۔
’کتنے آدمی تھے‘ سے  لے کر ’آر یا پار‘ اور کامیاب ناکام کی بحث کے دوران شاید جذبات میں آ کر کچھ ایسی مواصلاتی نادانیاں بھی ہوئیں کہ اپنی طرف ہی گول ہوئے جبکہ فیک نیوز، فوٹو شاپڈ تصویروں کے علاوہ نازیبا پوسٹس بھی اس وقت ٹوئٹر پر چھائی ہوئی ہیں۔
سب سے زیادہ بات اس نکتے پر ہو رہی ہے کہ تعداد کتنی تھی، اس کے جواب میں سب اپنے موقف کو تقویت دینے کے لیے تصویریں شیئر کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جلسے کی ایسی تصویر شیئر ہوئی جس میں مینار پاکستان کے پس منظر میں کراؤڈ نظر آ رہا ہے اور ساتھ لکھا:
’آج لاہور نے سلیکٹرز سے عمران خان نیازی اور بزدل بزدار لگانے کا بدلہ لے لیا۔ لاہور لاہور اے ۔ پاکستان زندہ باد‘

لیکن چونکہ تاڑنے والے بھی قیامت کی نظر رکھتے ہیں اس لیے کچھ صارفین نے مجمع میں لگا کہیں پی ٹی آئی کا جھنڈا ڈھونڈ نکالا اور اس کی نشاندہی ہونے کی دیر تھی کہ صارفین نے اس پر بحث شروع کر دی۔
اسامہ قریشی نامی صارف نے جھنڈے کے گرد دائرہ لگا کر نشاندہی کرتے ہوئے لکھا کہ ’تصویر میں پی ٹی آئی کا جھنڈا نظر آ رہا ہے۔‘

ایش گجر نامی ٹوئٹر کی جانب سے دائرہ کی مدد سے جھنڈے کی نشاندہی کرتے ہوئے فقط اتنا مشورہ دیا گیا: ’زوم اٹ‘

صحافی مشرف زیدی نے بھی یہی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ تصویر پی ڈی ایم کے جلسے کی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے2013 کے جلسے کی ہے، دوستوں کی جانب سے تصحیح پر خوشی ہے۔‘

عزیز خان بلوچ نامی صارف نے پی ایم ایل این لائنز کے نام سے فیسبک پیج کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تصویر کو پی ڈی ایم کا جلسہ بنا کر دیکھایا گیا پر پی ٹی آئی کے پرچم کو بلر کرنا بھول گئے شاید۔‘
کچھ صارفین نے یہ بھی ثابت کرنے کی کوشش کی کہ عابد شیر علی نے جھنڈے کی نشاندہی پر تصویر تو ڈیلیٹ کر دی لیکن اس کے بعد دوبارہ جو تصویر پوسٹ کی وہ بھی پی ٹی آئی کے جلسے کی ہی تھی۔
نبیل بھٹی نے تصویر شیئر کرتے ہوئے ساتھ لکھا کہ ’بے چارے عابد علی نے پہلے پی ٹی آئی کے جلسے والی تصویر ٹویٹ کی، نشاندہی پر ڈیلیٹ کر دی لیکن پھر سے پی ٹی آئی کے جلسے کی تصویر شیئر کر دی۔‘
بہت سے صارفین کی جانب سے توجہ دلائے جانے کے باوجود وہ تصویر اب بھی عابد شیر علی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر موجود ہے۔
کچھ صارفین نے اس امکان کا اظہار بھی کیا ہے کہ ہو سکتا ہے تصویر فوٹو شاپڈ ہو تاہم اس حوالے سے مسلم لیگ ن کا کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا۔
تصاویر کی آن لائن جانچ کرنے والی ویب سائٹ ٹن آئی ڈاٹ کام کے ذریعے جب اس تصویر کو پرکھا گیا تو اس کے نتائج کے مطابق یہ تصویر 2018 میں استعمال ہو چکی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تصویر پی ڈی ایم کے جلسے کی نہیں ہے۔

شیئر: