Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’توکلنا ایپ‘ کے ذریعے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن شروع

جلد ہی 16 برس سے کم عمر بچوں کے لیے ویکسین تیار ہوگی( فوٹو الاخباریہ)
سعودی ویکسینیشن کمپنی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مازن حسنین کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا ویکسین لگانے کے لیے ’توکلنا‘ ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ڈاکٹر مازن حسنین نے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کو انٹرویودیتے ہوئے کہا کہ وزارت صحت کے شیڈول کے مطابق سب سے پہلے ویکسین کورونا کے خطرناک مریضوں کو دی جائے گی ۔ 

توکلنا ایپ کے ذریعے رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے(فوٹو سبق)

ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے ڈاکٹر حسنین کا کہنا تھا کہ ویکسینشن کا طریقہ کار سینٹرلائز کیا جائے گا جس کے لیے ’توکلنا‘ ایپ پر مریضوں کو رجسٹر کرنے کے بعد مرحلہ وار انہیں ویکسین لگائی جائے گی۔ 
پہلے مرحلے میں جن افراد کو ویکسین دی جائے گی اس کا تعین وزارت صحت کی جانب سے کیاجاچکا ہے ۔ابتدائی طور پر معمراور خطرناک امراض کا شکار لوگوں کو ویکسین دی جائے گی ۔ 
ویکسینیشن کا آغاز ترجیحی طور پر بڑے شہروں سے کیا جائے گا جس طرح کورونا ٹیسٹنگ کے لیے طریقہ کار ماضی میں وزارت صحت کی جانب سے اختیار کیا گیا تھا۔ 

رجسٹر ہونے  والے مریضوں کو ویکسین لگائی جائے گی(فوٹو اخبار 24)

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مازن نے کہا کہ ُفائزر بائیونٹک‘ کمپنی کی تیار کردہ ویکسین 16 برس سے زائد عمر کے افراد کےلیے ہی ہے اس لیے ابتدائی طور پر یہ ویکسین 16 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کو ہی دی جائے گی۔ 
ڈاکٹر حسنین نے مزید کہا کمپنی کی جانب سے جلد ہی 16 برس سے کم عمر بچوں کے لیے بھی ویکسین تیار کر لی جائے گی۔ 
ٹی وی پروگرام میں ڈاکٹر حسنین نے ایک بار پھر یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ویکسین کے بارے میں انتہائی باریک بینی سے تمام تجربات کا جائزہ لیا جاچکا ہے جس کے بعد ہی مذکورہ ویکسین کو مملکت کے لیے درآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین کی مملکت آمد کے ساتھ ہی اسے لگانے سے قبل ماہرین کو نمونے فراہم کیے جائیں گے جو ان کا تفصیلی جائزہ لیں گے تاکہ اس بارے میں پوری یقین دہانی کی جاسکے کہ جو کچھ ویکسین کی رپورٹوں میں کہا گیا تھا وہ اس سے مطابقت رکھتی ہے۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: