Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول ہاؤس کے سامنے گاڑی سے بم برآمد

گاڑی بلاول ہاؤس کے عین سامنے واقع مشہور چینی ریستوران کی ملکیت تھی (فوٹو: ٹوئٹر)
کراچی کے ضلع جنوبی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رہائش گاہ بلاول ہاؤس کے مدمقابل سڑک پر نامعلوم ملزمان چینی ریستوران کی ڈبل کیبن گاڑی پر مقناطیسی بم لگا کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بم کو ناکارہ بنا دیا۔ واقعے کے وقت گاڑی میں چینی شہری سوار تھا۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نواز کے مطابق ڈبل کیبن گاڑی بلاول ہاؤس کے عین سامنے واقع مشہور ریستوران چائنہ ٹاؤن کی ملکیت تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈبل کیبن پک اپ میں چینی شہری بھی سوار تھے جب موٹرسائیکل پر دو نامعلوم سواروں نے بلاول ہاؤس کے سامنے چلتی گاڑی پر مقناطیسی ڈیوائس چپکا دی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے چلتی گاڑی میں مقناطیس کی مدد سے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس چپکائی اور فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہیں علاقے کو کورڈن کر کے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے گاڑی سے چپکائی گئی کالے رنگ کی ڈیوائس کو علیحدہ کیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے مکمل رپورٹ آنے پر ہی حتمی تفصیلات بتا سکیں گے کہ اس ڈیوائس میں کس نوعیت کا بارودی مواد شامل تھا، البتہ یہ بات واضح ہے کہ ڈیوائس دھماکہ کرنے کے لیے ہی گاڑی سے چپکائی گئی تھی۔
گاڑی میں سوار تمام افراد محفوظ رہے جبکہ بم کو ناکارہ بنانے کے بعد گاڑی کو مزید تحقیقات کے لیے قریبی تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

شیئر: