مصر کے ہسپتال میں آتشزدگی سے کورونا کے 7 مریض ہلاک
مصر کے ہسپتال میں آتشزدگی سے کورونا کے 7 مریض ہلاک
ہفتہ 26 دسمبر 2020 17:35
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ سے لگی (فوٹو: ٹوئٹر)
مصر کی کمشنری القلیوبیہ میں کورونا کے مریضوں کے لیے مخصوص ہسپتال میں ہولناک آتشزدگی سے سات افراد ہلاک جب کہ پانچ زخمی ہو گئے۔
مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق القلیوبیہ کمشنری قاھرہ کے شمالی سمت میں واقع ہے جہاں ہفتے کی صبح کورونا کے مریضو ں کے لیے مخصوص ’الامل ‘ہسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
مصری وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الامل جنرل ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جہاں کورونا کے مریضوں کو رکھا گیا تھا
آتشزدگی اس قدر ہولناک تھی کہ امدادی ٹیمیں پہنچنے تک اس نے ہستپال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے ہسپتال میں موجود مریضوں کو نکالا تاہم سات مریض دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ پانچ کوزخمی حالت میں دوسرے ہستپال میں منتقل کردیا گیا۔
آگ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سے شروع ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
شہری دفاع نے وقوعہ کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ کے شعلے کافی دور سے دکھائی دے رہے تھے جب کہ علاقہ کثیف دھوئیں سے بھر گیا تھا جس کی وجہ سے ہسپتال سے ملحقہ عمارتوں میں رہنے والوں کو بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔