Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

17 ممالک سے سعودی عرب آنے والے مسافروں کے لیے نئے ضوابط

17 ممالک کے علاوہ باقی ممالک کے مسافروں کو سات دن گھروں میں محدود رہنا ہوگا ( فوٹو: سبق)
کورونا وائرس کی نئی قسم کے باعث سعودی عرب نے 17 ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے ضابطے مقرر کیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئے ضوابط پر عملدر آمد پروازوں کی بحالی کے ساتھ ہوگیا ہے۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں کے لیے خصوصی ضوابط ہیں جن پر عمل کرنا ہوگا۔
’مذکورہ دونوں ممالک سے آنے والے مسافروں کو سعودی عرب داخل ہونے سے پہلے کسی اور ملک میں 14 دن گزارنے ہوں گے۔‘
وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب پہنچنے پر انہیں 14 دن قرنطینہ کرنا ہوگا نیز وہ سفر سے پہلے پی سی آر کے بھی پابند ہوں گے۔
’سعودی عرب میں قرنطینہ سے پہلے اور قرنطینہ کی مدت ختم ہونے کے بعد دو مرتبہ اسے پی سی آر کرنا ہوگا۔‘
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’آسٹریلیا، سنگاپور، ہالینڈ، کینیڈا، ڈنمارک، آئس لینڈ، جرمنی، ہانگ کانگ، اٹلی، فرانس، سپین، سویڈن، جاپان اور لبنان سے آنے والے غیر ملکی مسافروں کو گھروں میں سات دن کے لیے قرنطینہ کرنا ہوگا۔‘
’مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافر پی سی آر اپنے ساتھ لائیں گے جبکہ قرنطینہ کے چھٹے روز دوبارہ پی سی آر کرنا ہوگا۔‘

آسٹریلیا، سنگاپور، ہالینڈ، کینیڈا اور ڈنمارک سے آنے والے مسافر سات دن کے لیے قرنطینہ ہوں گے ( فوٹو: عاجل)

وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’مذکورہ بالا دونوں کیٹگری کے علاوہ دنیا کے باقی ممالک  مسافروں کے لیے ضوابط یہ ہیں کہ انہیں سات دن گھروں تک محدود رہنا ہوگا یا پھر تین دن گھر میں رہنے کے بعد پی سی آر کرنا ہوگا۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’یہ ضوابط تا ہدایت ثانی قابل عمل رہیں گے۔‘

شیئر: