تجارتی جعلسازی کی اطلاع دینے والے کو نقد انعام دیا جائے گا
تجارتی جعلسازی کی اطلاع دینے والے کو نقد انعام دیا جائے گا
پیر 4 جنوری 2021 11:05
’غیر ملکیوں کے کاروبار کی اطلاعات دینے والوں کو 30 فیصد انعام دیا جائے گا‘ (فوٹو: سبق)
تجارتی جعلسازی، دھوکہ دہی اور غیر قانونی کاروبار کی اطلاع دینے پر وزارت تجارت کی طرف سے نقد انعام دیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت کے ترجمان عبد الرحمن الحسین نے کہا ہے کہ ’تجارتی جعلسازی اور دھوکہ دہی کے علاوہ سعودیوں کے نام پر غیر ملکیوں کے کاروبار کی اطلاع دینے والے کو جرمانے کی رقم میں سے انعام دیا جاتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’دھوکہ دہی اور جعلسازی کی نوعیت کے اعتبار سے انعامی رقم کا تعین کیا جاتا ہے‘۔
’کسی کارباری ادارے میں غیر معیاری اشیا کی فروخت، زائد المیعاد یا انسانی استعمال کے لیے مضر چیز کی اطلاع دینے پر جرمانے کی کل رقم میں سے 25 فیصد اطلاع دینے والے کو ملیں گے‘۔
’یہ انعامی رقم عدالت کی طرف سے حتمی فیصلہ سنانے کے بعد دی جاتی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اطلاعات کی دوسری قسم غیر قانونی یا سعودی شہریوں کے نام پر غیر ملکیوں کے کاروبار سے متعلق ہے‘۔
’اس قسم کی اطلاعات دینے والوں کو جرمانے کی کل رقم میں سے 30 فیصد انعام دیا جائے گا‘۔
’یہ انعامی رقم عدالت کے حتمی فیصلے کے بعد دی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’آخری صارف نگراں اداروں کی آنکھ ہے جس سے وہ تجارتی ماحول کو دیکھتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ وزارت تجارت نے گزشتہ دنوں اطلاعات دینے والے 19 شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ایک لاکھ 23 ہزار ریال کے انعامات دینے کا اعلان کیا تھا۔