سعودی عرب میں یو ٹیوب کے صارفین 26 ملین
شہری روزانہ اوسطا تین گھنٹے دو منٹ موبائل استعمال کررہے ہیں(فوڈو سیدتی)
سعودی عرب میں ڈیجیٹل میڈیا کے ماہر عبداللہ القرعاوی نے مملکت میں سماجی رابطہ وسائل کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی شہری روزانہ اوسطاً تین گھنٹے دو منٹ موبائل استعمال کررہے ہیں، ان میں 70 فیصد مرد اور 30 فیصد خواتین ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق کورونا کی وبا، ایس او پیز کی پابندیوں اور گھروں میں بندش کے ماحول کے دوران مملکت میں سماجی رابطہ وسائل کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ ذہنی تفریح کا سامان اس کے سوا کچھ نہیں رہا۔
عبداللہ القرعاوی نے کہا کہ مملکت میں 2020 کے دوران سماجی رابطہ وسائل استعمال کرنے والوں کی تعداد 25 ملین اور موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد 44 ملین تک پہنچ گئی ہے۔
بعض شہریوں نے سماجی رابطوں کے لیے دو اور اس سے زیادہ موبائل خرید رکھے ہیں۔
ڈیجیٹل میڈیا کے ماہر کا کہنا تھا کہ 2020 کے دوران دنیا بھر میں انٹرنیٹ اور سماجی رابطہ وسائل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
2020 کے آغاز سے سعودی عرب میں روزانہ کی بنیاد پر یہ اضافہ ہوا۔ سعودی عرب میں یوٹیوب کے صارفین 26 ملین، واٹس ایپ 24 ، سنیپ چیٹ 16، ٹوئٹر 14، فیس بک مسینجر 14، فیس بک 14، انسٹا گرام 12 ملین اور ٹک ٹاک کے صارفین 10 ملین تک پہنچ گئے ہیں۔
اس وقت دنیا کی آبادی 7.75 ارب ہے۔ اس میں سے 4.54 ارب نے انٹرنیٹ، 5.19 ارب نے موبائل اور 3.80 ارب نے سوشل میڈیا سے استفادہ کیا ہے۔