سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز نے کہا ہے کہ 'انڈیا، کشمیر میں زمینی صورت حال کا مشاہدہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ، غیر ملکی میڈیا، انسانی حقوق کے مبصرین اور دیگر غیر جانبدارنہ بین الاقوامی اداروں کو مکمل رسائی کی اجازت دے۔'
ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کے زیراہتمام 'یوم حق خود ارادیت' کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے جمعرات کو میڈیا بریفنگ میں پاکستان کے سفیر نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں
-
’ مسئلہ کشمیر کا حل پائیدار امن کے لیے ضروری‘Node ID: 441936
-
شہزادہ ترکی الفیصل سے پاکستانی سفیر کی ملاقاتNode ID: 503721
-
تجارت میں اضافہ ہوا لیکن ابھی بہت کام باقی ہے: سفیر پاکستانNode ID: 516071
اس بریفنگ کا مقصد اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انڈیا اور پاکستان کی جانب سے 5 جنوری 1949 کو منظور کی گئی تاریخی قرار داد کے بارے میں عالمی برادری کو احساس دلانا اور حقائق سے آگاہ کرنا تھا۔
میڈیا کو بریفنگ میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ 'انڈیا گذشتہ سات دہائیوں سے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف روا رکھے جانے والے ظلم و ستم سے باز آجائے اور فوری طور پر فوجی محاصرے کو ختم کرے۔'
'انڈیا علاقے میں آبادیاتی تبدیلی کی اپنی پالیسی کو واپس لے، جبری قوانین کو ختم کرے، بنیادی انسانی حقوق بحال کرے، تمام قیدیوں کو رہا کرے اور آزادانہ نقل و حرکت سے پابندیاں اٹھائے۔'
پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے انڈیا کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ 'ریاستی جبر کو ختم کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو منصفانہ اور غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کا حق دلانے کے لیے عالمی برادری فوری مداخلت کرے۔'
