عرب امارات کا قطر کے ساتھ سرحدی راستے کھولنے کا اعلان
9 جنوری سے قطر کے ساتھ تمام داخلی راستے کھول دیے جائیں گے۔ فوٹو اے ایف پی
متحدہ عرب امارات نے قطر کے ساتھ تمام بری، بحری اور ہوائی راستے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات نے قطر کے ساتھ تمام داخلی راستے سنیچر سے کھولنے کا کہا ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ کے نائب سیکرٹری خالد عبداللہ کے مطابق العلا اعلامیے پر دستخط کے بعد عرب امارات قطر کے خلاف لیے گئے تمام اقدامات ختم کرنے جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امارات آنے اور جانے والے تمام زمینی اور سمندری راستوں کے علاوہ ہوائی اڈوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
نائب سیکرٹری خالد عبداللہ کا کہنا تھا کہ قطر کے حوالے سے لیے گئے فیصلوں پر متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے، 9 جنوری سے ان پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوطرفہ مذاکراتے کے ذریعے قطر کے ساتھ تمام دیگر اختلافات بھی ختم کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کے روز قطر کے ساتھ سعودی عرب سمیت اتحادی عرب ملکوں بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر کے مکمل تعلقات بحال کرنے اعلان کیا تھا۔