انڈیا میں برڈ فلو کے پھیلاؤ میں اضافہ، ریاستوں کو ریڈ الرٹ جاری
کیرالا میں ہزاروں پرندوں کو تلف کر دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ملک گیر کوششوں کے باوجود برڈ فلو کے پھیلاؤ میں اضافے کے بعد حکومت نے تمام ریاستوں کو ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
انڈین نیوز ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے نے بتایا ہے کہ پیر کو مہارشٹرا اور دہلی میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد برڈ فلو کا شکار ہونے والی ریاستوں اور یونین ٹیری ٹوریز کی تعداد نو ہو گئی ہے۔
انڈین حکومت نے تمام ریاستوں کو برڈ فلو کی انسانوں میں ممکنہ منتقلی کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
انڈین ٹی وی این ڈی ٹی وی نے بتایا ہے کہ پارلیمنٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے زراعت کی ملک میں وزارت لائیو سٹاک کے سینیئر حکام سے جانوروں کی ویکیسن کی دستیابی کے حوالے سے اجلاس بھی ہوا ہے۔
دوسری جانب دہلی میں پرندوں کی درآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ غازی پور میں موجود ہول سیل پولٹری کی سب سے بڑی مارکیٹ کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
مہاراشٹرا میں دارالحکومت ممبئی سے 500 کلومیٹر دور پربھانی، برڈ فلو کا مرکز ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ کلکٹر دیپک مدھوکر نے این ڈی ٹی وی کو بتایا ہے کہ ’پربھانی میں پچھلے دو دنوں میں 800 مرغیاں ہلاک ہوئیں۔ ان کے نمونوں سے ٹیسٹ کے بعد برڈ فلو سے ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
پرندوں کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہریانہ میں ہوئی ہیں، جہاں پچھلے کچھ ہفتوں میں چار لاکھ سے زائد پرندے ہلاک ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ ہماچل پردیش، راجھستان، مدھیہ پردیش، گجرات، اتر پردیش اور کیرالا میں برڈ فلو پھیلا ہوا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈین ریاستوں میں پھیلنے والے برڈ فلو کی اقسام میں ایچ فائیو این ون اور ایچ فائیو این ایٹ شامل ہیں جن کے جراثیم مختلف پرندوں کے ٹیسٹ کے نتائج میں سامنے آئے ہیں۔
ایچ فائیو این ایٹ برڈ فلو کی ایک ایسی قسم ہے جو پولٹری اور جنگلی پرندوں میں پائی جاتی ہے۔ گذشتہ سال سے اب تک فلو کی یہ قسم مخلتف ممالک میں پھیل چکی ہے۔