ریڈ سی پروجیکٹ کی پالیسیاں مختلف ہوں گی(فوٹو ٹوئٹر)
ریڈ سی ڈیولپمنٹ کمپنی کے سینیئر عہدیدار احمد درویش نے کہا ہے کہ ریڈ سی پروجیکٹ کی پالیسیاں مختلف ہوں گی اور یہ مستقبل میں سیاحت کو کامیاب بنانے کی ضامن ہوں گی۔
اخبار 24 کے مطابق یہ سوال کیا جا رہا تھا کہ ریڈ سی پروجیکٹ میں آباد افراد اور وہاں سیاحت، ترقیاتی کاموں کے لیے آنے والوں پر وہی قوانین نافذ ہوں گے جو سعودی عرب میں رائج ہیں یا وہاں کے قوانین و ضوابط مختلف ہوں گے۔
ریڈ سی ڈیولپمنٹ کمپنی کے سینیئر عہدیدار احمد درویش نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریڈ سی پروجیکٹ کا علاقہ معاشی سرگرمیوں والا علاقہ ہوگا۔ اس کے قوانین و ضوابط اپنے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے کے خصوصی معیارات ہوں گے۔ اس حوالے سے ریڈ سی کمپنی کے عہدیدار، اعلیٰ حکام سے بات چیت کر رہے ہیں۔ قوانین و ضوابط منظوری کے بعد جاری کیے جائیں گے۔
ریڈ سی پروجیکٹ کا کام 2019 کی پہلی سہ ماہی میں شروع کر دیا گیا ہے۔
احمد درویش کا کہنا تھا کہ سیاحوں کا پہلا کارواں 2022 کے آخر میں پہنچے گا۔ اس وقت تک یہاں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کیا جا چکا ہو گا اور 4 ہوٹل بھی بن چکے ہوں گے۔
پروگرام کے مطابق ریڈ سی پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ 2023 میں مکمل ہو گا۔ اس وقت تک یہاں مزید بارہ ہوٹلوں کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ ان ہوٹلوں میں تین ہزار کمرے ہوں گے۔ یہ ہوٹل پانچ جزیروں اور دو ریزوٹس پر بنائے جائیں گے۔