نوجوان کے گلے میں پٹہ ڈال کر سڑک پر گھمانے پر لیویز اہلکار معطل
جمعرات 14 جنوری 2021 21:45
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کے مطابق واقعے میں ملوث اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں لیویز اہلکاروں نے مذاق اڑانے پر ایک نوجوان کو بد سلوکی اور تشدد کا نشانہ بنایا اور گلے میں زنجیر ڈال کر کتے کی آوازیں نکالنے پر مجبور کیا۔
اہلکاروں نے نوجوان سے بدسلوکی کی ویڈیو بھی بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث 10 اہلکاروں کو معطل کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
قائمقام ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ذکا درانی نے اردو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ یہ واقعہ قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں کوئٹہ چمن شاہراہ پر گڑنگ چیک پوسٹ پر پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چند روز قبل اسی چیک پوسٹ سے گزرتے ہوئے گاڑی میں سوار چند نوجوانوں نے لیویز اہلکاروں کا مذاق اڑاتے ہوئے ان پر کتے کی آوازیں کسی تھیں۔ آج ایسی ہی حرکت ایک اور نوجوان نے کی تو چوکی پر تعینات لیویز اہلکاروں نے انہیں پکڑ کر غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا۔
اہلکاروں نے نوجوان پر تشدد کیا، ان کے کپڑے پھاڑے اور اس کے بعد ان کے گلے میں زنجیر ڈال کر اسے کتے کی طرح آوازیں نکالنے پر مجبور کیا۔ اہلکار اس دوران اس نوجوان کی ویڈیو بھی بناتے رہے اور بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیاپر بھی اپلوڈ کی۔
ذکاء درانی کے مطابق واقعہ میں ملوث ایک دفعہ دار،حوالدار اور آٹھ لیویز اہلکاروں کو مجرمانہ فعل کرنے پر کوارٹر گارڈ کردیا گیا ۔انہیں عہدوں سے معطل کرکے انضباطی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
اس سے قبل بلوچستان لیویز فورس کی ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں دو لیویز اہلکار وں نے سرکاری بندوق سے گولیاں مار کر ایک گدھے ہلاک کردیا تھا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے لیویز کے اس فعل کی مذمت کی۔
ڈائریکٹرجنرل لیویز مجیب قمبرانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ دونوں لیویز اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف تحقیقات کا حکم دےدیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں لیویز اہلکاروں نے مؤقف اپنایا ہے کہ پاگل کتے کے کاٹنے سے گدھا باؤلا ہوگیا تھا اور اس نے گدھے کے مالک کے بچے سمیت دو افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا تھا۔ علاقے کے لوگوں کی شکایت اور مالک کی اجازت کے بعد ہی گدھے کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔