تفریحی جشن کے لیے ’ریاض نخلستان‘ کے دروازے کھل گئے
تفریحی جشن کے لیے ’ریاض نخلستان‘ کے دروازے کھل گئے
اتوار 17 جنوری 2021 20:54
مملکت کی جانب سے شہریوں کی تفریح کے مواقع قابل ستائش ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
نخلستانِ ریاض نے اتوار 17 جنوری سے مہمانوں کو خدمات کی فراہمی شروع کر دیا ہے اور یہ سلسلہ 12اپریل تک جاری رہے گا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (جی ای اے ) نے مختلف پروگرام اور سرگرمیاں منظم کرنے والی بین الاقوامی کمپنی کے تعاون اور سیون ایکسپیرینس نیز روتانہ آڈیو اینڈ وڈیو کمپنی کی معاونت سے یہ پروگرام ترتیب دیا ہے۔ سعودی عرب میں منعقد کیاجانیوالا یہ پروگرام ایک خوبصورت تفریحی منصوبہ ہے۔
سعودی رائل کورٹ کے مشیر اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئر مین ترکی آل الشیخ نے ٹویٹر اکاونٹ پر اس پروگرام کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔
اس سے پہلےانہوں نے اپنے فالوورز کوبتایا تھاکہ آپ کے تصور سے باہرہماری ملاقات اب اتوار کو ہوگی۔
نخلستان ریاض کو موسم سرما کی خود ساختہ فائیو سٹار تفریح گاہ قرار دیا جاتا ہے۔ یہ دارالحکومت ریاض کے خوبصورت سنہرے صحرائی مناظر کے وسط میں واقع ہے۔
یہ نخلستان تفریح کا ایسا موقع فراہم کرے گا جہاں زائرین کھانے پینے کے سٹالز ، مختلف قسم کے کھیلوں، تقریبات منانے، دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ کیمپنگ کرنے اور تحقیق وغیرہ سے لطف اندوز ہو سکیں گے ۔
شہر ریاض سے باہرالعماریہ اور الدرعیہ کے درمیان واقع یہ حیران کن صحرائی علاقہ جدید پرتعیش سہولتوں اور نخلستانی مناظر کویکجا کر دے گا۔
نخلستانِ ریاض سعودی شہریوں کو ملک کی عالیشان ثقافت، براہ راست انٹرٹینمنٹ، عمدہ کھانوں کے ساتھ ساتھ کثیر قومی ثقافتی موسیقی اور لائیو پرفارمنس سے محظوظ ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔
یہاں پر خریداری کے لیے شاپنگ ایریا بھی نمایاں ہے جہاں خوشبویات کے برانڈ، پرتعیش جیولرزکارڈیل نیز مقامی ہوم اور ریٹیل اسٹور زبھی موجود ہیں۔
نخلستان میں عارضی رہائش کی سہولیات بھی پیش کی گئی ہیں جو گلیمپس،’’گلیمرس کیمپس‘‘ کی شکل میں ہیں۔ اس میں 8 افراد بیک وقت رہ سکتے ہیں۔
حیرت انگیز طور پر سجائے گئے، باذوق جدت کے حامل ان علاقوں میں رہائشی کمرے، کھانا کھانے کے الگ اور مختلف مقامات بھی موجود ہیں۔
یہ نخلستان 12 اپریل تک عام دنوں میں سہ پہر 3 سے لے کر صبح 3 بجے تک اور ہفتہ وار چھٹیوں میں دوپہر ایک سے صبح 3 بجے تک کھلا رہے گا۔
یہاں پر ایوارڈ یافتہ بین الاقوامی پکوانوں کا انتخاب بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہاں بین الاقوامی شہرت یافتہ ریسٹوریٹ مثلاًجاپانی زوما، لاطینی امریکہ کے فیوژن ریسٹورنٹ امازونیکو، اماراتی عربی ریستوران نینیواور سی فوڈ کا یونانی ریستوران نموس کے پاپ اپس موجود ہوں گے۔
لوگ شیفز ایپ کا استعمال کر کے ریستورانز اور گلیمپس کے ٹکٹ بُک کروا سکتے ہیں۔ 500 ریال یعنی 130ڈالرسے لے کر860 سعودی ریال تک ریستوران کی ریزرویشن کرائی جا سکتی ہے جبکہ ایک گلیمپس کی بکنگ13ہزار ریال میں ہو سکے گی۔
ریاض کی ایک رہائشی خاتون ماہا عبدالمجید نے بتایا ہے کہ انہوں نے افتتاح کی خبر سنتے ہی ’’زوما‘‘ کے لئے ریزرویشن کروا لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ’’زوما‘‘ کی بہت بڑی مداح ہوں۔
میں دبئی اور نیویارک دونوں شہروں کے زوما میں جا چکی ہوں۔ میں زوما کے پاپ اپ جانے کے لئے بہت پرجوش ہوں خاص طور پر ان حالات میں جب کورونا وائرس کے باعث میری سفری خواہشات متاثر ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ریاض سیزن اور جدہ سیزن کے دوران سعودی عرب آنے والے متعدد پاپ اپس مثلاً ’’نصرات‘‘ اور ’’کویا‘‘ جا چکی ہوں چنانچہ مجھے یقین ہے کہ ریاض نخلستان میں پاپ اپس بھی ویسے ہی اچھے ہوں گے اور وہاں ہمیں لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
سارہ الغامدی جو اپنے آبائی شہر الخبر سے ریاض جانے کا منصوبہ بنا رہی ہیں،انہوں نے کہا ہےکہ وہ کم از کم ایک ریستوران کے لئے ریزرویشن ضرور کرائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی مستقل مقام پر جانے کا اتفاق نہیں ہواچنانچہ مجھے اندازہ نہیں کہ کون سے ریستوران جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب لوگوں کے لئے کورونا وائرس کے سبب بین الاقوامی سفر ممکن نہیں رہا، مملکت کی جانب سے اپنے شہریوں کو خوش رکھنے اور انہیں تفریح فراہم کرنے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خاندان کے لوگ انہی دنوں میں ہر سال بیرون ملک سفر کے عادی ہیں تاہم امسال ہم بیرون ملک نہیں جا سکتے تھے۔ اب ہمیں بیرون ملک نہ سہی، اندرون مملکت ہی سفر اور نئے تجربے کا موقع مل رہا ہے۔