قانون محنت کی دفعہ 113 میں چھٹی کی تفصیلات دی گئی ہیں ( فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ بیوی، اولاد یا والدین کی موت کی صورت میں ملازم کو مکمل تنخواہ کے ساتھ پانچ دن کی چھٹی کا حق حاصل ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت سے ایک ملازم نے دریافت کیا تھا کہ اس کی سوتیلی ماں کا انتقال ہوگیا ہے۔ آیا اسے تنخواہ سمیت چھٹی کا حق حاصل ہے یا نہیں؟
وزارت افرادی قوت نے اس استفسار کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ قانون محنت کی دفعہ 113 میں بتایا گیا ہے کہ اگر کسی ملازم کی بیوی یا اس کے بزرگوں میں سے کسی ایک یا اس کی اولاد میں سے کسی کا انتقال ہوجائے تو ایسی صورت میں اسے مکمل تنخواہ کے ساتھ پانچ دن کی تنخواہ کا حق حاصل ہے۔ بزرگوں سے مراد باپ، دادا اور پردادا ہیں۔
وزارت افرادی قوت نے میزید کہا کہ جو ملازم اپنے حقوق و فرائض کی تفصیلات جاننا چاہتے ہوں وہ چھٹی سے متعلق ویب سائٹ پر تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ قانون محنت کے مطابق وہ کارکن جو مملکت میں مقیم ہیں انہیں کام کرتے ہوئے 5 برس سے کم عرصہ ہوا ہے تو انہیں سال میں 21 دن کی چھٹی بمعہ تنخواہ دینا آجرکی ذمہ داری ہے تاہم اس صورت میں معاہدے کو بھی مدنظر رکھا جائے گا اگر معاہدے میں سالانہ چھٹی فریقین کی جانب سے مقرر کی گئی ہے تو اس کے مطابق عمل کیا جائے گا۔
مسلسل پانچ برس ملازمت کے بعد سالانہ ایک ماہ کی چھٹی تنخواہ کے ساتھ کارکن کا حق ہوگی۔